شاندار بیٹنگ کے باوجود دھونی پر شدید تنقید

   

نئی دہلی ۔ چنئی سوپرکنگز کو اس آئی پی ایل میں دہلی کیپٹلس کے خلاف پہلی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ دہلی نے چنئی کو192 رنز کا ہدف دیا تھا۔ جواب میں چنئی کی ٹیم صرف 171 رنز بنا سکی۔ چنئی اگرچہ میچ ہارگیا لیکن آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئے مہندر سنگھ دھونی نے 37 رنزکی طوفانی اننگز سے شائقین کے دل جیت لیے۔ اس دوران انہوں نے چار چوکے اور تین چھکے بھی لگائے۔ طویل انتظار کے بعد شائقین دھونی کی اننگز سے کافی متاثر ہوئے لیکن نیوزی لینڈ کے سابق کرکٹر سائمن ڈول نے دھونی کی حکمت عملی پر سوالات اٹھا دیے ہیں جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ دھونی نے دہلی کے خلاف سنگل رنز نہیں لئے جس کا نتیجہ نقصان ہوا۔ دراصل سائمن ڈول کرک بز پر دہلی اور چنئی کے درمیان کھیلے گئے میچ کا تجزیہ کر رہے تھے۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ دھونی کی اننگزپر بہت شور ہے جبکہ انہوں نے بہت سی ڈاٹ بالزکھیلی اور ایک موقع پر ایک رن لینا بھی چھوڑ دیا۔ مجھے یہ سب دیکھ کر یقین نہیں آرہا تھا۔ میں جانتا ہوں کہ دھونی بہت عظیم کھلاڑی ہیں اور طویل عرصے کے بعد بیٹنگ کے لیے آئے ۔ وہ اس سیزن میں پہلی بار بیٹنگ کر رہے تھے۔ اس کے باوجود سنگل چھوڑنا ان کی بڑی غلطی تھی۔یاد رہے کہ دھونی دہلی کے خلاف 17ویں اوورکی دوسری گیند پر بیٹنگ کرنے آئے تھے اور اس وقت چنئی کو جیت کے لیے 23 گیندوں میں 72 رنز درکار تھے۔ اس موقع پر دھونی نے 16 گیندوں کا سامنا کیا۔ ان 16 گیندوں میں انہوں نے 6 ڈاٹ بالزکھیلے۔ ڈول نے مزید کہا کہ دھونی ایک مرحلے پر جیتنے کی کوشش کرنے کے بجائے اپنی فام تلاش کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ میں نہیں جانتا کہ مجھے یہ کہنا چاہئے یا نہیں لیکن میں اس صورتحال میں جو کچھ ہوا اس سے متفق نہیں ہوں۔ میں دھونی کا بہت احترام کرتا ہوں لیکن انہوں نے جو بھی کیا، اسے ٹی وی پر دیکھنا بالکل بھی خوشگوار نہیں تھا۔