شب برات کے موقع پر قبرستانوں میں صفائی اور روشنی کے انتظامات

   

متولیوں اور کمیٹیوں کو وقف بورڈ کی ہدایت، زیارت قبور میں عوام کو کوئی دشواری نہ ہو
حیدرآباد۔16۔ مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ نے تمام قبرستانوں کے متولیوں اور مینجنگ کمیٹیوں کو ہدایت دی ہے کہ 18 مارچ کو شب برات کے موقع پر روشنی اور صفائی کے موثر انتظامات کریں۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر شاہنواز قاسم نے دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ تمام اضلاع میں قبرستانوں کے متولیوں اور مینجنگ کمیٹیوں کو اس سلسلہ میں ضروری ہدایات جاری کی ۔ انہوں نے کہا کہ شب برات کے موقع پر بڑی تعداد میں مسلمان زیارت قبور کے لئے پہنچتے ہیں، لہذا صفائی اور روشنی کے مناسب انتظامات کے علاوہ جھاڑیوں کی کٹوتی کا کام انجام دیا جائے تاکہ عوام کو زیارت قبور میں کوئی دشواری نہ ہو۔ مسلمان قبرستان میں فاتحہ خوانی کیلئے آتے ہیں ، ایسے میں کمیٹیوں اور متولیوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ بہتر انتظامات کریں۔ وقف بورڈ کی جانب سے ہر سال قبرستانوںکی کمیٹیوں اور متولیوں کو ضرورت پڑنے پر خرچ کی رقم ادا کی جاتی ہے۔ اسی دوران شہر میں کئی اہم قبرستانوں میں جھاڑیوں کی صفائی کا کام شروع کردیا گیا ۔ اس سلسلہ میں گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی مدد لی جارہی ہے۔ محکمہ برقی کو قبرستانوں میں روشنی کے موثر انتظامات کی ہدایت دی گئی ۔ بعض قبرستان ایسے بھی ہیں جہاں ابھی تک صفائی کا کام شروع نہیں ہوا۔ اس بارے میں مقامی عوام وقف بورڈ کو اطلاع دے سکتے ہیں۔ر