شراب اسکام معاملہ ، انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی دوسری چارج شیٹ

   

مزید تین افراد اور پانچ کمپنیوں کا تذکرہ ، منیش سیسوڈیا اور کے کویتا کے نام شامل نہیں
حیدرآباد۔6۔اپریل(سیاست نیوز) انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے شراب اسکام معاملہ میں دوسری ذیلی چارج شیٹ داخل کرتے ہوئے مزید تین افراد اور ان سے متعلق 5کمپنیوں کا اس چارج شیٹ میں تذکرہ کیا ہے۔ عدالت میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے خصوصی وکیل مسٹر ایم ۔ نوین کمار نے دوسری ذیلی چارج شیٹ داخل کی جس میں راگھو ماگنٹا ‘ راجیش جوشی اور گوتم ملہوتراکے نام شامل کئے گئے ہیں اور ان سے متعلق 5 کمپنیوں کا بھی اس چارج شیٹ میں تذکرہ کیا گیا ہے۔ شراب پالیسی میں ہونے والی دھاندلیوں میں اب تک انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے ابتدائی چارج شیٹ کے علاوہ ایک اور چارج شیٹ پیش کی ہے جس میں ڈپٹی چیف منسٹر دہلی منیش سسوڈیا کے خلاف پیش کی گئی چارج شیٹ بھی شامل ہے۔ آج استغاثہ کی جانب سے پیش کی گئی ذیلی چارج شیٹ میں ڈپٹی چیف منسٹر دہلی منیش سسوڈیا اور رکن قانون ساز کونسل تلنگانہ مسز کے کویتا کا نام شامل نہیں ہیں اور نہ ہی ان کا حوالہ اس چارج شیٹ میں دیا گیا ہے ۔ ای ڈی کی جانب سے پیش کی جانے والی چارج شیٹس میں جملہ 12 افراد کو بطور ملزم پیش کیا جاچکا ہے۔بی آ رایس رکن قانون ساز کونسل و دختر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ مسز کے کویتا سے شراب اسکام معاملہ میں سی بی آئی کے علاوہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے پوچھ تاچھ کی جاچکی ہے۔م