شراب نوشی اور خواتین کھلاڑیوں سے بدتمیزی ، ایچ سی اے کوچ معطل

   

حیدرآباد۔ حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن (ایچ سی اے) نے جمعہ کو سینئر ویمنس ٹیم کے ہیڈ کوچ ودیوت جیسمہا کو ٹیم کی بس میں مبینہ طور پر شراب نوشی اور خواتین کرکٹرزکے ساتھ بدتمیزی کرنے پر معطل کردیا۔ ایچ سی اے کے صدر جگن موہن راؤ نے تحقیقات کا حکم دیا اور جے سمہا کو ہدایت دی کہ وہ تحقیقات مکمل ہونے تک کرکٹ کی سرگرمیوں سے دور رہیں۔ جے سمہا کو لکھے ایک خط میں، ایچ سی اے کے صدر نے ایچ سی اے کو موصول ہونے والی ایک گمنام ای میل کا حوالہ دیا جس میں وہ ویڈیوز دکھائے گئے تھے جس میں وہ حیدرآباد اسٹیٹ ٹیم کے ساتھ کوچنگ اسائنمنٹ کے دوران ٹیم بس میں شراب لے کر جاتے اور پی رہے تھے۔ مزید یہ ویڈیوز مختلف واٹس ایپ گروپس میں بھی پھیلائی گئیں اور ٹی وی نیوز چینلز پر بھی دکھائی گئیں، یہ انتہائی تشویشناک بات ہے اور میں نے اس معاملے کی مکمل تحقیقات کرنے کا حکم دیا ہے اور تحقیقات کے نتائج کی بنیاد پر فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے حکم نامہ میں کہاکہ تفتیش جاری ہے، میں آپ کو ہدایت کر رہا ہوں کہ ایچ سی اے کی جانب سے کسی بھی کرکٹ سرگرمیوں میں اپنے آپ کو شامل کرنے سے گریز کریں۔ دریں اثنا ایچ سی اے کے صدر نے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو کوچ کے خلاف مجرمانہ سرگرمی کے ضمن میں کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایچ سی اے اس طرح کی سرگرمی میں ملوث کسی کے ساتھ بھی سختی سے نمٹے گا اور ان پر تاحیات پابندی عائد کر دے گا۔ ایچ سی اے نے اس وقت کارروائی کی جب خواتین کرکٹرز نے مبینہ طور پر پولیس سے رابطہ کیا، جس میں جے سمہا کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب خواتین کی ٹیم کچھ دن پہلے ایک میچ کے لیے حیدرآباد سے وجئے واڑہ جا رہی تھی۔ خواتین کھلاڑیوں کے والدین اور رشتہ داروں نے چار روز قبل ایچ سی اے حکام سے شکایت کی تھی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کوچ کے شراب نوشی اور خواتین کھلاڑیوں کے ساتھ نامناسب سلوک کرنے کے کئی واقعات سامنے آئے ہیں۔