شریس ایئر نئے T20 کپتان، سوریاونشی انڈیا ٹیم میں شامل

   

ممبئی، 6جون (یو این آئی) کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے ہفتہ کو آئرلینڈ اور انگلینڈ کے آئندہ دوروں (جون۔جولائی) اور ستمبر سے جاپان میں 2026ایشین گیمز کیلئے شریس ایئر کو ہندوستان کی ٹی20 ٹیم کا نیا کپتان بنایا ہے۔ قومی ٹیم کے سلیکٹرز نے نوجوان طوفانی بلے باز ویبھو سوریا ونشی کو بھی ٹیم میں شامل کیا ہے۔ تلک ورما ہندوستانی ٹیم کے نائب کپتان ہوں گے۔ 15سالہ نوجوان اسٹار سوریا ونشی کو پہلی بار قومی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ، اور انہیں تینوں ٹیموں میں جگہ ملی ہے ۔ ٹیم میں ہرشیت رانا کی بھی واپسی ہوئی ہے ، جنہوں نے آخری بار اس سال فروری کی شروعات میں مسابقتی میچ کھیلا تھا۔ سوریہ کمار یادو کو ٹیم میں جگہ نہیں ملی ہے ۔ حالیہ ورلڈ کپ کے دوران 9 اننگز میں 136.72 کے اسٹرائیک ریٹ سے 242 رن بنانے والے 35 سالہ سوریہ کمار کو خراب فارم کی وجہ سے ٹیم سے باہر کر دیا گیا۔ آئی پی ایل 2026 میں بھی انہوں نے ممبئی انڈینز کیلئے 13اننگز میں 270 رن بنائے تھے۔ بورڈ نے ٹیم کی قیادت میں یہ تبدیلی لاس اینجلس 2028 اولمپکس اور اُسی سال آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ٹی20 ورلڈ کپ کو ذہن میں رکھتے ہوئے ایک نئی ٹی20 ٹیم تیار کرنے کیلئے کی ہے ۔ اس سیزن میں پنجاب کنگز کے ساتھ پلے آف میں جگہ بنانے سے معمولی فرق سے چوکنے کے باوجود شریس نے 14میچوں میں شاندار 498رن بنائے ۔ اس میں ان کی پہلی آئی پی ایل سنچری بھی شامل تھی۔ شریس ہندوستانی مینس ٹی20کرکٹ ٹیم کی تاریخ میں 15ویں کپتان ہوں گے ۔ انڈیا کا ٹور آئرلینڈ کے خلاف بیلفاسٹ میں 26 اور28جون کو دو ٹی20میچوں سے شروع ہوگا، جس کے بعد ٹیم یکم؍ تا 11جولائی انگلینڈ میں پانچ میچوں کی ٹی20 سیریز کھیلے گی۔ ایشین گیمز میں مینس کرکٹ ٹورنامنٹ 24ستمبر سے شروع ہوگا اور 13اکتوبر کو تمغوں کے میچوں کے ساتھ ختم ہوگا۔
آئرلینڈ کے خلاف انڈیا کی ٹی20ٹیم: شریس ایئر (کپتان)، ابھشیک شرما، سنجو سیمسن، ایشان کشن، شیوم دوبے ، تلک ورما، نتیش کمار ریڈی، اکشر پٹیل، ورون چکرورتی، واشنگٹن سندر، روی بشنوئی، محمد سراج، ہرشیت رانا، ارشدیپ سنگھ، پرنس یادو ، ویبھو سوریا ونشی۔
انگلینڈ کے خلاف انڈیا کی ٹی20ٹیم: شریس ایئر (کپتان)، تلک ورما (نائب کپتان)، روی بشنوئی، ابھشیک شرما، نتیش کمار ریڈی، محمد سراج، سنجو سیمسن، اکشر پٹیل، ایشان کشن، ہرشیت رانا، واشنگٹن سندر، ارشدیپ سنگھ، شیوم دوبے ، ورون چکرورتی، پرنس یادو، ویبھو سوریا ونشی۔
ایشین گیمز کیلئے ٹیم انڈیا: شریس ایئر (کپتان)، تلک ورما (نائب کپتان)، روی بشنوئی، ابھشیک شرما، نتیش کمار ریڈی، جسپریت بمراہ، سنجو سیمسن، اکشر پٹیل، ہرشیت رانا، ایشان کشن، واشنگٹن سندر، ارشدیپ سنگھ، شیوم دوبے ، ورون چکرورتی، ویبھو سوریا ونشی۔