شمالی کوریا اور امریکہ کے درمیان دوسری چوٹی کانفرنس ویتنام میں

   

ٹرمپ اور جن پنگ کے درمیان بھی ملاقات متوقع ٹرمپ کا ایجنڈہ ہنوز غیر واضح

واشنگٹن، یکم فروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے لیڈر کم جونگ ان کے درمیان فروری کے آخر میں نیوکلیئر ہتھیار کو تلف کرنے سے متعلق ویتنام میں دوسری چوٹی کانفرنس کے منعقد ہونے کا امکان ہے ۔ میڈیا رپورٹ میں کہا جا رہا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان دوسری سربراہی کانفرنس ویتنام میں ہوگی۔ امریکی نیوز چینل سی این این کے مطابق وائیٹ ہاؤس نے 18 جنوری کو شمالی کوریا کے اہم مذکرات کار اور جنرل کم یونگ چول سے مذاکرات کرنے کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان اجلاس کا اعلان کیا تھا۔ خیال رہے کہ گذشتہ برس جون میں مسٹر ٹرمپ اور مسٹر کم کے درمیان پہلی چوٹی کانفرنس سنگا پور میں ہوئی تھی۔ کچھ میڈیا رپورٹ میں یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے متوقع اس اجلاس کے آس پاس امریکی صدر چین کے صدر ضی جن پنگ کے ساتھ میٹنگ کر سکتے ہیں۔ مسٹر جن پنگ امریکہ اور شمالی کوریا کے درمیان کانفرنس کو اپنا پورا تعاون دے رہے ہیں۔