پیانگ یانگ : جنوبی کوریا کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے بحیرہ جاپان پر مختصر فاصلے تک مار کرنے والے دو بیلسٹک میزائل فائر کیے ہیں۔ اس کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسے یقین ہیکہ پیونگ یانگ جوہری تجربہ کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔ جنوبی کوریا کی فوج نے 28 اکتوبر جمعہ کو بتایا کہ شمالی کوریا نے ایک تازہ واقعہ میں اپنے مشرقی سمندر کی جانب سے مختصر فاصلے تک مار کرنے والے دو بیلسٹک میزائل فائر کیے ہیں۔ میزائل لانچ کا یہ تازہ واقعہ پیونگ یانگ اور سیول کے درمیان مغربی ساحل پر فائر کیے جانے والے انتباہی شاٹس کے محض چار دن بعد پیش آیا ہے، جس کی وجہ سے دونوں کے درمیان زبردست عسکری کشیدگی پائی جاتی ہے۔جنوبی کوریا کی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے جمعہ کو گینگون کے ٹونگچون علاقے سے فائر کیے گئے دو بیلسٹک میزائلوں کا پتہ لگایا ہے۔ اس کے مطابق یہ میزائل شمال مشرقی ساحل پر واقع صوبے سے داغے گئے۔ جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف سٹاف نے ایک بیان میں کہا کہ ہماری فوج نے نگرانی اور دیکھ بھال میں اضافہ کر دیا ہے اور امریکہ کے ساتھ قریبی ہم آہنگی کے ساتھ ہی اپنی تیاری کی پوزیشن کو پوری طرح سے برقرار رکھا ہوا ہے۔ ادھر انڈو پیسفک سے متعلق امریکی کمانڈ نے کہا ہیکہ ان میزائلوں کے داغے جانے سے امریکہ یا اس کے اتحادیوں کیلئے کوئی فوری خطرہ نہیں ہے۔