شمال مشرق میں سی اے اے کے خلاف پھر احتجاج

,

   

قانون کے دو سال کی تکمیل کو یوم سیاہ کے طور پر منایا گیا ، کاپیاں نذر آتش
گوہاٹی : شمال مشرق میں شہریت ترمیمی قانون ( سی اے اے ) کے خلاف پھر احتجاج شروع ہوگیا ہے ۔ ہفتہ کو اس قانون کے دو سال کی تکمیل پر نارتھ ایسٹ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ( این ای ایس او ) کی جانب سے گوہاٹی میں زبردست احتجاج کیا گیا اور اس قانون کے دو سال کی تکمیل کے دن کو یوم سیاہ کے طور پر منایا گیا ۔ 11 دسمبر 2019 کو راجیہ سبھا میں شہریت ترمیمی قانون بل منظور کیا گیا تھا جس کے خلاف خاص طور پر شمال مشرقی ریاستوں میں شدید احتجاج کیا گیا تھا ۔ خاص طور پر آسام میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج میں کم از کم 5 افراد مارے گئے تھے ۔ ریاست کے طلباء گروپس پر مشتمل نارتھ ایسٹ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن نے احتجاج کے دوران اہم مقامات پر سیاہ پرچم لہرائے اور اس قانون کے خلاف بیانرس بھی لگائے گئے ۔ تنظیم نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ 11 دسمبر 2019 کو ملک بھر میں مخالفت کے باوجود مرکزی حکومت نے پارلیمنٹ میں اس قانون کو منظور کیا تھا ۔ تنظیم نے اپنے بیان میں حکومت کو یہ بھی پیغام دیا کہ شمال مشرقی خطہ کے عوام اس قانون کے خلاف ہیں ۔۔