شمس آباد ایرپورٹ سے انسانی اسمگلنگ کا ریاکٹ بے نقاب

   

دو ٹولیاں گرفتار ، سائبر آباد پولیس کی اسپیشل آپریشن ٹیم کی کارروائی
حیدرآباد ۔ /20 مارچ (سیاست نیوز) سائبر آباد پولیس کی اسپیشل آپریشن ٹیم (ایس او ٹی) نے شمس آباد راجیوگاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ سے غیرقانونی طور پر چلائے جارہے بین الاقوامی انسانی اسمگلنگ ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے دو ٹولیوں کو گرفتار کرلیا جس میں ایک پولیس کانسٹبل بھی شامل ہے ۔ پولیس کمشنر سائبر آباد وی سی سجنار نے کہا کہ چیوڑلہ پولیس اسٹیشن سے تعلق رکھنے والا پولیس کانسٹبل جی مدھو ، پولیس کلیرنس سرٹیفکیٹ (پی سی سی ) کی اجرائی کیلئے 2250 رقم حاصل کیا کرتا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ پولیس کانسٹبل چیوڑلہ پولیس اسٹیشن کا رائٹر ہے اور اس کی ملاقات ضلع کڑپہ سے تعلق رکھنے والے ٹی کنٹیشورا سے اُس وقت ہوئی تھی جب وہ شمس آباد ایرپورٹ پر ڈیوٹی کیا کرتا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ کنٹیشورا عرف منی کنٹا واٹس ایپ کے ذریعہ کانسٹبل مدھو کو پاسنجر کے تفصیلات روانہ کیا کرتا تھا اور سرٹیفکیٹ کی تیاری کے بعد اسے می سیوا سے حاصل کیا جاتا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ کانسٹبل پی سی سی کی تیاری کے بعد اسے شخصی طور پر علاقے مہدی پٹنم میں حوالے کیا کرتا تھا ۔ مسٹر سجنار نے کہا کہ اس ریاکٹ میں گلف ایرلائینز کے ٹیم لیڈر محمد مجیب خان ساکن قاضی ملت کالونی چندرائن گٹہ اور عمان ایرویز کے سکیورٹی کوآرڈینیٹر رام لنگاریڈی کو بھی گرفتار کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس ریاکٹ میں 12 ٹراویل ایجنٹس اور ایک ٹیکسی ڈرائیور بھی شامل ہے ۔ کمشنر پولیس سائبر آباد نے کہا کہ خلیج ممالک میں خدامہ کی ملازمت حاصل کرنے والی خواہشمند خواتین کو ٹراویل ایجنٹس پی سی سی فراہم کیا کرتے تھے اور جعلی ویزا کا بھی استعمال کیا جاتا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ جعلی ویزا کی تیاری کے ریاکٹ میں سائی نامی ٹراویل ایجنٹ اور سری لنکا سے تعلق رکھنے والے مولانا اور چینائی کے بابو ملوث ہونے کا بھی پتہ چلا ہے ۔