شوٹنگ ورلڈ کپ : انڈیا کا مینس ایونٹ میں گولڈ کیساتھ اختتام

   

ویمنس کو ٹراپ ایونٹ میں ٹیم گولڈ ۔ 25 میٹر ریاپڈ فائر ٹیم ایونٹ میں انڈیا کو سلور میڈل

نئی دہلی : شاٹ گن شوٹرس پرتھوی راج ، لکشئے شیورام اور کینن چینائی نے آئی ایس ایس ایف ورلڈ کپ میں مینس ٹراپ ٹیم ایونٹ میں آج گولڈ میڈل کے ساتھ ہندوستان کی مہم کا یہاں اختتام کیا ۔ مہمان شوٹرس کو شروعات میں 2-0 کی سبقت حاصل ہوگئی تھی جس کے بعد ہندوستانیوں نے واپسی کرتے ہوئے اسکور مساوی کیا ۔ قازقستان کی ٹیم کو دوبارہ سبقت ملی لیکن میزبان شوٹرس نے پھر ایک بار واپسی کرتے ہوئے مقابلے کو 4-4 پر مساوی لاکر کھڑا کیا ۔ فیصلہ کن گراؤنڈ میں انڈیا نے بہتر شوٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6-4 سے کامیابی حاصل کی ۔ ویمنس ٹراپ ٹیم فائنل میں شرے یاسی سنگھ ، راجیشور کماری اور مہیشا کیر کی ہندوستانی تگڑی نے گولڈ میڈل جیتا ۔ انہوں نے قازقستان کو 6-0 سے شکست فاش دی ۔ 25 میٹر ریاپڈ فائر ٹیم ایونٹ میں ہندوستان کو سلور میڈل پر اکتفا کرنا پڑا جب وجئے ویئر سدھو ، گر پریت سنگھ اور آدرش سنگھ نے حسب توقع مظاہرہ نہیں کیا اور امریکہ کے مقابل انہیں دوسرا مقام حاصل ہوا ۔ کیت سائنڈرسن ، جیک آپسن اور ہنری ٹرنر کی امریکی ٹیم نے میزبانوں کے مقابل 10-2 کی کامیابی کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا ۔