شوہروں کی ہراسانی کا شکار بیویوں کی خودکشی

   

حیدرآباد /19 اگست ( سیاست نیوز ) شوہر کی ہراسانی اور زائد جہیز کے مطالبات اور شوہر سے جھگڑے کے سبب پیش آئے تین خودکشی کے علحدہ واقعات میں تین خواتین نے خودکشی کرلی ۔ یہ تین علحدہ واقعات چھتری ناکہ ، جواہر نگر اور بالانگر پولیس حدود میں پیش آیا ۔ چھتری ناکہ پولیس کے مطابق 37 سالہ آر پی شکلا جو سری ہری نگر علاقہ کے ساکن جے پرکاش شکلا کی بیوی تھی ۔ اس خاتون نے 17 اگست کے دن شوہر سے جھگڑے کے بعد انتہائی اقدام کرلیا ۔ جس نے کل رات پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ اس خاتون کا اسکے شوہر سے جھگڑا چل رہا تھا ۔ جواہر نگر پولیس کے مطابق 35 سالہ نونیتا جوسائی راج کی بیوی تھی ۔ یہ خاتون پیشہ سے مزدور بتائی گئی ہے ۔ اس خاتون کو شوہر کی جانب سے ہراسانی کا سامنا تھا ۔ اس کا شوہر اکثر اس خاتون کو بات بات پر اذیت پہونچاتا تھا ۔ جس سے تنگ آکر نونیتا نے 17 اگست کے دن نامعلوم زہریلی دوا کا استعمال کرلیا جو علاج کے دوران آج فوت ہوگئی ۔ بالانگر پولیس کے مطابق 24 سالہ پرینکا جو چناریڈی نگر علاقہ کے ساکن کرشنا کی بیوی تھی ۔ اس خاتون نے کل رات پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ اس خاتون کو گذشتہ چند دنوں سے اس کا شوہر ہراساں و پریشان کر رہا تھا اور اذیت پہونچا رہا تھا ۔ جس سے تنگ آکر خاتون نے انتہائی اقدام کرلیا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔