شوہر کی ہراسانی اور جہیز ہراسانی پر دو خواتین کی خودکشی

   

حیدرآباد /17 اپریل ( سیاست نیوز ) شوہر کے ناجائز تعلقات میں رکاوٹ سے اذیت رسانی کا شکار ایک اور زائد جہیز کیلئے ہراسانی کا شکار ایک دو خواتین نے خودکشی کرلی ۔ یہ دو علحدہ واقعات ملک پیٹ اور معین آباد پولیس حدود میں پیش آئے ۔ ملک پیٹ پولیس کے مطابق 25 سالہ ثمینہ بیگم جو افضل نگر ملک پیٹ علاقہ کے ساکن ظہیر خان کی بیوی نے 13 اپریل کو مبینہ طور پر انتہائی اقدام کرتے ہوئے خودسوزی کرلی جو علاج کے دوران آج فوت ہوگئی ۔ ثمینہ پروین کو شوہر کی مبینہ ہراسانی کا سامنا تھا ۔ پولیس کے مطابق 8 ماہ قبل یہ خاندان مہاراشٹرا سے حیدرآباد آیا تھا اور ملک پیٹ میں قیام پذیر تھا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق ثمینہ شوہر کے ناجائز تعلقات میں اہم رکاوٹ ثابت ہو رہی تھی ۔ اس بات سے خاتون کو شوہر کی جانب سے اذیت رسانی کا سامنا تھا ۔ معین آباد پولیس کے مطابق 30 سالہ نرملا جو اپاجی گوڑہ علاقہ کے ساکن شخص مہیندر کی بیوی تھی ۔ اس خاتون نے کل رات پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ نرملا کا شوہر نشہ کی حالت میں مکان پہونچکر زائد جہیز کا مطالبہ کرتا تھا اور بیوی کو اذیت پہونچاتا تھا اس ظلم و زیادتی سے تنگ آکر خاتون نے خودکشی کرلی ۔