شہریت بِل کیخلاف 19 ڈسمبر کو بائیں بازو جماعتوں کا احتجاج

   

نئی دہلی12دسمبر(سیاست ڈاٹ کام )پانچ بائیں بازو پارٹیوں نے پارلیمنٹ کے ذریعہ پاس شہریت ترمیمی بل (سی اے بی)کی مخالفت میں 19 دسمبر کو ملک بھر میں احتجاجی مظاہرہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔اسی دن رام پرساد بسمل، اشفاق اللہ خاں اور روشن سنگھ کو پھانسی دی گئی تھی۔مارکسی کمیونسٹ پارٹی،کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا،فارورڈ بلاک ریوولیوشنری سوشلسٹ پارٹی اور سی پی ایم (مالے ) نے ایک مشترکہ بیان جاری کرکے یہ اعلان کیاہے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ مودی حکومت نے آئین کا مخالف بل پاس کرکے ملک کی سیکولر خد و خال کو توڑنے اور فرقہ وارانہ تشدد کو پھیلانے کا قدم اٹھایا ہے اور اب ملک میں قومی شہریت رجسٹر نافذ کرکے ملک کو توڑنے کا کام کررہی ہے اور‘ ہندو راشٹر ’بنانے میں لگی ہے ۔انہوں نے کہاکہ سبھی ترقی پسند بائیں بازو طاقتیں 19دسمبرکو اکھٹا ہوں گی ،احتجاج کریں گی۔19دسمبر کورام پرساد بسمل کو گورکھپور جیل میں،اشفاق اللہ خاں کو فیض آباد جیل میں اور روشن سنگھ کو نینی جیل میں پھانسی دی گئی تھی۔بیان پر سیتارام یچوری،ڈی راجہ،دیپانکر بھٹاچاریا وغیرہ کے دستخط بھی ہیں۔