شہری ہوا بازی صنعت مشکلات کا شکار ، ایندھن کی قیمت میں اضافہ پر کمپنیاں پریشان

   

حکومت سے راحت کاری اقدامات نہ کرنے پر ایرلائنس کمپنیاں بند ہونے کے درپے
حیدرآباد۔29اپریل (سیاست نیوز) ملک میں شہری ہوابازی صنعت مشکلات سے دوچار ہونے لگی ہے اور فضائیہ میں استعمال ہونے والے ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ نے ہوابازی کمپنیوں کو معاشی مشکلات میں مبتلاء کردیا ہے۔ ملک کی سرکردہ ائیرلائنس نے مرکزی وزارت شہری ہوابازی کو روانہ کردہ مکتوب میں ایویشن ٹربائن فیول کی قیمتوں میں ہونے والے اضافہ کے نتیجہ میں ائیر لائنس کمپنیاں بند ہونے کے دہانے پر پہنچنے لگی ہیں۔ انڈیگو اور اسپائس جیٹ جوکہ ملک کی سرکردہ ائیر لائنس کمپنیاں ہیں نے بتایا کہ اگر یہی صورتحال رہی اور حکومت کی مداخلت کے ذریعہ راحت پہنچانے کے اقدامات نہیں کئے جاتے ہیں تو ایسی صورت میں ائیرلائنس کمپنیاں بند ہونے لگ جائیں گی۔ فیڈریشن آف انڈین ائیر لائنس نے وزارت شہری ہوابازی کو روانہ کردہ مکتوب میں بتایا کہ اگر اندرون و بیرون ملک پروازوں کی قیمتوں میں فرق کو متوازی بنانے کے اقدامات نہیں کئے جاتے ہیں تو ایسی صورت میں ہوابازی صنعت کو تباہ کن صورتحال کا سامنا کرنا پڑے گا اور کے منفی نتائج کے طور پر ائیر لائنس کمپنیاں بند ہونے لگ جائیں گی ۔بتایاجاتاہے کہ انڈیگو‘ اسپائس جیٹ کے علاوہ ائیر انڈیا نے بھی ملک میں ایویشن ٹربائن فیول کی قیمتوں میں کئے جانے والے بے تحاشہ اضافہ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر مرکزی وزارت شہری ہوابازی کی جانب سے ایویشن ٹربائن فیول پر موجود اکسائز ڈیوٹی میں راحت فراہم کی جاتی ہے تو اس کے کسی قدر مثبت اثرات برآمد ہونے کا امکان ہے لیکن مرکزی حکومت نے 26 اپریل کو روانہ کئے گئے اس مکتوب کے سلسلہ میں تاحال کوئی قطعی فیصلہ نہیں کیا بلکہ معاملہ کو نظر انداز کیا جا رہاہے حالانکہ جاریہ ماہ کے اوائل سے ہی ہندستان کی سرکردہ فضائی کمپنیوں کی جانب سے ATF میں کئے جانے والے اضافہ کے منفی اثرات پر تشویش کا اظہار کرنے کے علاوہ انہیں ہونے والے نقصانات سے واقف کرواتے ہوئے وزارت کے عہدیداروں کو تجاویز روانہ کی جا رہی ہیں ۔3/m/b