گذشتہ رات ماہ اکٹوبر کی گذشتہ 10 برس میں سرد ترین رات ۔ مزید تین دن شدت کا امکان
حیدرآباد 24 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) جنوب مغربی مانسون میںسالانہ اوسط سے زیادہ بارش اور موسم سرما کے آغاز کے بعد بھی کئی اضلاع میںموسلادھار بارش ہوئی تھی اور اب تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد اور کئی اضلاع میںشدید سردی بھی شروع ہوچکی ہے ۔ شہر اور کئی اضلاع شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ گذشتہ تین دن سے مختلف اضلاع میں شدید سردی محسوس کی جا رہی تھی اور حیدرآباد میں بھی سردی نے شدت دکھانی شروع کردی ہے ۔ اتوار 23 اکٹوبر سے سردی کی شدت میںاضافہ بھی ہوگیا ہے ۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کل رات میدک کے پٹن چیرو میں سب سے کم 12.2 ڈگری درجہ حرارت درج کیا گیا ہے ۔ محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ آئندہ دنوں میں ریاست میںسردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا اور درجہ حرارت میں مزید دو تا تین دن جاری رہے گا ۔ محکمہ موسمیات کے بموجب میدک میں درجہ حرارت 13.6 ڈگری سلسئیس اور حیدرآباد کے حکیم پیٹ میں 14.7 ڈگری سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ حیدرآباد میں اقل ترین درجہ حرارت 14.9 ڈگری سلسئیس ریکارڈ کیا گیا ۔ عادل آباد ‘ ڈنڈیگل ‘ ہنکنڈہ اور محبوب نگر کے علاوہ راما گنڈم ‘ نظام آباد ‘ کھمم اور بھدراچلم میں بھی سردی محسوس کی جا رہی ہے اور وہاں بھی درجہ حرارت معمول سے کم درج کیا جا رہا ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ تلنگانہ میں گذشتہ رات ماہ اکٹوبر میں گذشتہ 10 برس میں سب سے کم درجہ حرارت ریکارڈ ہوا ہے ۔ محکمہ کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ہوا کے سمت میں تبدیلی کی وجہ سے ریاست کے مختلف اضلاع میں درجہ حرارت میں اچانک ہی کمی واقع ہوئی ہے ۔ شمالی سے سے ہوائیں چل رہی ہیں اور شمالی ہندوستان میں بھی درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ ہوئی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ آئندہ دو تا تین دن سردی کی لہر برقرار رہے گی اور سردی میں اضافہ بھی ہوسکتاہے ۔