شہر حیدرآباد میں موسمی اور وبائی امراض کے معاملات میں اضافہ

   

حیدرآباد، 17 اکتوبر (یو این آئی) شہر حیدرآباد میں ان دنوں موسمی اور وبائی امراض کے معاملات میں اضافہ دیکھا جارہا ہے اور لوگ سرکاری و پرائیویٹ اسپتالوں سے رجوع ہورہے ہیں۔ فیور اسپتال کے ساتھ ساتھ گاندھی اور عثمانیہ اسپتال میں آوٹ پیشنٹ کی حیثیت سے علاج کے لئے رجوع ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوگیاہے ۔ سرکاری اسپتالوں کے ذرائع کے مطابق یہاں رجوع ہونے والوں میں زیادہ تر مریض، بخار، سردی، کھانسی، سردرد، بدن درد اور دست و قئے کی شکایت سے متاثر ہیں۔ ان میں سے زیادہ وائرل فیور سے متاثر ہیں۔ ڈاکٹرس نے موسمی امراض کے پیش نظر شہریوں کو احتیاط کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ گھر اور آس پاس کے ماحول کو پاک صاف رکھا جائے ۔ گندہ پانی جمع نہ ہونے دیں تاکہ مچھروں کی افزائش نہ ہو۔ گھروں میں پودوں کے گملے ، کولرس اور واٹر ٹینک وقفہ وقفہ سے صاف کرتے رہیں کیونکہ ڈینگو بخار کی وجہ بننے والے مچھروں کی صاف پانی میں ہی افزائش ہوتی ہے ۔ خاص طور پر یہ مچھر دن کے وقت ہی کاٹتے ہیں۔ یہ مچھر مکانات کے اندھیرے کونوں، وغیرہ میں چھپے رہتے ہیں لہذا ان مچھروں سے بھی گھر کو پاک صاف بنانے کے لئے بھی وقفہ وقفہ سے صفائی کی جانی چاہئے ۔