شہر میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ

   

سیاسی جماعتوں کے اشتہاری پوسٹرس نکال دیئے گئے
حیدرآباد۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن انتخابی اعلامیہ کی اجرائی کے ساتھ ہی انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہوچکا ہے۔ کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار نے گریٹر حیدرآباد کے حدود میں سیاسی جماعتوں کے پوسٹرس، بیانرس اور جھنڈیوں کو نکالنے کی خصوصی مہم شروع کی ہے۔ لوکیش کمار نے بتایا کہ ایک دن میں شہر میں 4000 پوسٹرس اور بیانرس کو مختلف علاقوں سے نکالا گیا۔ اس سلسلہ میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ جی ایچ ایم سی عہدیداروں کے علاوہ انفورسمنٹ اینڈ ویجلینس ڈائرکٹر کی نگرانی میں یہ کام شروع کیا گیا۔ مختلف سیاسی جماعتوں کے فلیکسی بیانرس اور پوسٹرس کو نکالنے کیلئے 20 خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ سرکاری عمارتوں اور اہم شاہراہوں پر اجازت کے بغیر پوسٹرس اور بیانرس پر امتناع عائد کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے انتخابی ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل آوری کی ہدایت دی ہے۔