حیدرآباد: کمشنر ٹاسک فورس ویسٹ زون ٹیم نے شہر میں دو حوالہ ریاکٹس کو بے نقاب کرتے ہوئے تین افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 34 لاکھ 81 ہزار نقد رقم برآمد کرلی ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ٹاسک فورس مسٹر پی رادھا کشن راؤ کے مطابق جی ایچ ایم سی انتخابات کے اعلان اور انتخابی ضابطہ اخلاق کے نافذ العمل ہونے کے پیش نظر دونوں شہروں میں بڑے پیمانہ پر تلاشی کی جارہی تھی ۔ اسی دوران ٹاسک فورس پولیس نے 32 سالہ کنہیا لال اور اس کے ساتھی بھگیرت جن کا تعلق راجستھان سے ہے، کو 13 لاکھ 50 ہزار نقد رقم کے ساتھ افضل گنج علاقہ میں پکڑ لیا ۔ اسی دوران سلطان بازار علاقہ میں بھی ٹاسک فورس پولیس نے 40 سالہ سید احمد ساکن تالاب کٹہ بھوانی نگر کو 21 لاکھ 31 ہزار نقد رقم کے ساتھ پکڑلیا۔ مذکورہ افراد کے پاس اس رقم کی منتقلی کیلئے کوئی دستاویزات موجود نہیں تھے اور 34,81000 کی رقم غیر قانونی طور پر منتقل کی جارہی تھی۔