شہر میں عوامی ٹائیلٹس کے قیام کیلئے نمونہ کا معائنہ

   

حیدرآباد 4 فروری (این ایس ایس) پرنسپال سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار نے جی ایچ ایم سی کے کمشنر لوکیش کمار کے ساتھ منگل کو شہر میں اپنے محکمہ کے کیمپس پر منعقدہ نمائش میں ہمہ اقسام کے ٹائیلٹس کا معائنہ کیا۔ ممبئی میں واقع ایک ادارہ نے اس نمائش کا اہتمام کیا تھا تاکہ جی ایچ ایم سی کے زونل کمشنرس اور انجینئرس کو ہمہ اقسام کے عوامی ٹائیلٹس سے واقف کروایا جاسکے اور دستیاب نمونوں پر شہر میں بھی ٹائیلٹس بنائے جائیں۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے حالیہ منعقدہ جائزہ اجلاس میں جی ایچ ایم سی انجینئروں کو شہر میں 3000 ٹائیلٹس بنانے کے لئے کہا تھا۔ شہروں اور دیہاتوں کے لئے 10 اقسام کے ٹائیلٹس دستیاب ہیں جو سماجی طور پر قابل قبول ہیں اور روز مرہ کی زندگی سے مربوط ہیں۔ اروند کمار نے زونل کمشنرس سے کہاکہ اپنے متعلقہ علاقوں میں مناسب جگہوں کی نشاندہی کریں تاکہ آرکیٹکٹ کلپت آشر وہاں مناسب نمونہ کے ٹائیلٹس تجویز کرسکیں۔