تاجرین تشویش کا شکار ۔ منتقلی کے دوران ہونے والے اخراجات سے قیمتوں میں اضافہ
حیدرآباد۔26۔ مئی ۔(سیاست نیوز) عید الاضحی کے موقع پر قربانی کیلئے لائے جانے والے مویشیوں کی قیمتوں میں اضافہ سے بازار میں سستی دیکھی جانے لگی ہے۔ دونوں شہروں کے بیشتر بکرا و بڑے جانوروں کے بازاروں میں مویشیوں کی قیمتوں میں اضافہ سے خریداری کا رجحان کم ہوتا نظر آرہا ہے۔ عید الاضحی کیلئے اب جبکہ دو یوم باقی رہ گئے ہیں مویشیوں کے بازار میں خریداری کا رجحان تیز ہوتا نظر نہیں آرہا ہے بلکہ جانوروں کی قیمتوں کو دیکھتے ہوئے ایسا لگ رہا ہے کہ عوام خریداری سے گریز کر رہے ہیں یا پھر اب عیدالاضحی کے موقع پر جانوروں کی قیمتوں میں اضافہ عوام کی قوت خرید سے باہر ہونے لگا ہے اسی لئے بازاروں میں وہ گہما گہمی نظر نہیں آ رہی ہے جو کہ ہر سال ہوا کرتی تھی۔ حیدرآباد میں ٹولی چوکی ‘ نامپلی ‘ ملے پلی ‘ مانصاحب ٹینک‘ مہدی پٹنم‘ عطا پور‘ راجندر نگر‘ جل پلی ‘ سنتوش نگر‘ آئی ایس سدن‘ آر سی آئی ‘ سعید آباد ‘ ملک پیٹ فائر اسٹیشن ‘ چنچل گوڑہ ‘ سالار جنگ میوزیم ‘ دارالشفاء ‘ کاچی گوڑہ ‘ ضیاء گوڑہ و دیگر علاقوں میں جہاں بکروں کے بازار لگائے جاتے ہیں جانور تو موجود ہیں لیکن خریداروں کی تعداد کافی کم ہے ‘تاجرین کا کہناہے کہ بڑے جانوروں کی منتقلی میں مشکلات اور پریشانیوں سے توقع کی جار ہی تھی کہ بکروں کا بازار اچھا رہے گا لیکن بکروں کے خریداروں میں کوئی نمایاں اضافہ نہیں ہوا ہے بلکہ بازار میں سستی تاجرین کو تشویش میں مبتلا کئے ہوئے ہے کیونکہ بازار میں مویشی ہیں لیکن گاہک نہیں ہیں۔ اسی طرح بڑے جانور کے بازار جن علاقوں میں لگائے جاتے ہیں ان میں بھی بڑے جانور کی قابل لحاظ تعداد موجود ہے لیکن قیمتوں میں اچھال ہے ‘ تاجرین کا کہناہے کہ جانوروں کی شہر منتقلی میںمختلف مقامات پر رشوت کی ادائیگی کے اخراجات سے جانور کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ شاستری پورم‘ کنگس کالونی ‘ ورم گڈہ ‘ وٹے پلی ‘ بارکس‘ تالاب کٹہ ‘ گولکنڈہ ‘ کاروان ‘ جہاںنما‘ چندو لعل بارہ دری‘ رنمست پورہ‘ و دیگر علاقوں میں جہاں بڑے جانور فروخت کئے جاتے ہیں ان میں بھی بڑے جانور قابل لحاظ تعداد میں موجود ہیں لیکن بھاری قیمتوں کے سبب فروخت میں گراوٹ ریکارڈ کی جارہی ہے۔ بکروں کے تاجرین قربانی کے جانوروں کی نمائش اور ’ریل کلچر‘ کو عید الاضحی کے بازاروں کی تباہی کیلئے ذمہ دار قرار دے رہے ہیں جبکہ بڑے جانوروں کے تاجرین کا کہنا کہ مویشیوں کی منتقلی کے دوران مشکلات کے نتیجہ میں یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے۔3/k/b