شہر میں موقوفہ جائیدادوں کی تنقیح کا آغاز

   

مسجد عالمگیر ٹینک بنڈ کے اطراف قابضین کی تفصیلات کا حصول
حیدرآباد۔28۔مارچ(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کی جانب سے تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کی جائیدادوں کی سی آئی ڈی تحقیقات میں شدت پیدا ہوچکی ہے اور سی آئی ڈی عہدیداروں نے ریاست کے بیشتر اضلاع میں تحقیق و تنقیح کا عمل مکمل کرنے کے بعد اب دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں موجود موقوفہ جائیدادوں کی تنقیح کا آغاز کردیا ہے ۔ گذشتہ یوم سی آئی ڈی عہدیداروں کی تحقیقاتی ٹیم نے مسجد عالمگیر ٹینک بنڈ کا دورہ کرتے ہوئے مسجد کے اطراف قابضین اور مسجد کی جائیدادکی تفصیلات حاصل کرتے ہوئے جاری مقدمات کا ریکارڈ بھی اکٹھا کیا ہے۔ اسی طرح سی آئی ڈی عہدیداروں کی ٹیم نے گذشتہ ہفتہ سوماجی گوڑہ میں قبرستان کے لئے وقف کردہ 2ایکڑ اراضی کا معائنہ کرتے ہوئے ذمہ داروں سے ملاقات کی اور ان سے تفصیلات حاصل کرنے کے علاوہ وقف میں موجود اندراجات کی تفصیل اور محکمہ مال کے ریکارڈس کا جائزہ لیا گیا۔ تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کی جائیدادوں کی نشاندہی اور ان پر جاری مقدمات کے علاوہ کئے گئے قبضہ جات کے متعلق ریاستی حکومت کی جانب سے شروع کی گئی تحقیقات میں شدت کے متعلق آگہی حاصل کرنے کی کوشش پر اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ ریاستی حکومت نے وقف ریکارڈس کے سیکشن کی کشادگی سے قبل سی آئی ڈی عہدیداروں کو تحقیقاتی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ سی آئی ڈی تحقیقات میں موقوفہ جائیدادوں کو نقصان پہنچانے والوں کی نشاندہی کے علاوہ شہر کے نواحی علاقوں بالخصوص شمس آباد ‘ مہیشورم اور شہر کی جائیدادوں میں اپنا حصہ حاصل کرنے والے بعض ارکان کی نشاندہی بھی کی جاچکی ہے۔ بجٹ اجلاس کے دوران سی آئی ڈی تحقیقات کے متعلق قائد ایوان مقننہ مجلس پارٹی جناب اکبر الدین اویسی کی جانب سے سی آئی ڈی تحقیقات کا معاملہ اٹھائے جانے کے بعد ریاستی حکومت نے تحقیقات کو تیز کرنے کا فیصلہ کیا تھا ۔ ذرائع کے مطابق سی آئی ڈی نے حکومت اپنی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ حوالہ کردی ہے لیکن تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کیلئے وقت طلب کیا تھا لیکن کافی وقت گذر جانے کے بعد اب یہ بات سامنے آئی ہے کہ سی آئی ڈی کے عہدیداروں کی جانب سے محکمہ مال اور تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ دونوں کے ریکارڈس کے ساتھ موقوفہ جائیدادوں کے متعلق تفصیلات حاصل کی جانے لگی ہیں۔ کاروان کے علاقہ میں موجود موقوفہ اراضی کے علاوہ نکلس روڈ پر موجود عیدگاہ کے حدود اور ان سروے نمبرات کی نشاندہی کی جانے لگی ہے۔ سی آئی ڈی تحقیقات کے سلسلہ میں موقوفہ جائیدادوں کا دورہ کرتے ہوئے ان پر موجود قبضہ جات اور جاری مقدمات کے علاوہ جن جائیدادوں پر تعمیرات جاری ہیں ان جائیدادوں پر تعمیرات کے لئے دی گئی اجازت کے متعلق تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ حمایت نگر میں واقع انتہائی قیمتی موقوفہ اراضی پر کی گئی تعمیرات کے سلسلہ میں موصول ہونے والی شکایات کا بھی سی آئی ڈی عہدیدار جائزہ لیتے ہوئے ان کی تفصیلات اکٹھا کر رہے ہیں۔وقف بورڈ کے ذرائع کے مطابق سابق چیف اکزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ جناب شاہنواز قاسم آئی پی ایس کی جانب سے سی آئی ڈی کو فراہم کردہ تفصیلات کے علاوہ بورڈ کو موصول ہونے والی شکایات اور بورڈ کے خلاف جاری مقدمات کو کی بنیاد پر سی آئی ڈی تحقیقات میں پیشرفت ہورہی ہے اور زیر التواء مقدمات میں بورڈ کے وکلاء و اسٹینڈنگ کونسل کے موقف کے متعلق بھی تفصیلات حاصل کی جاچکی ہیں۔ سی آئی ڈی عہدیدارو ںنے حالیہ عرصہ میں یعنی گذشتہ دو تاتین برسوں کے دوران جن مقدمات میں وقف بورڈ کو شکست ہوئی ہے ان تک بھی اپنی تحقیقات کے دائرہ کو وسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کوہ امام ضامن کے علاوہ کوہ مولیٰ علی‘ سیف نواز جنگ اور عاشور خانہ علی سعد کی جائیدادوں کو بھی تحقیقات کے دائرہ میں شامل کیا جاچکا ہے۔ م