شہر میں گانجہ کے نٹ ورک پر ایگل ٹیم کی کڑی نظر

   

حیدرآباد ۔ 11 جولائی (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں گانجہ کے مرکز کے طور پر اب صرف دھول پیٹ ہی نہیں رہا بلکہ ہائی ٹیک میں نانک رام گوڑہ اور سکندرآباد میں فتح نگر بھی گانجہ کے مراکز کے طور پر شمار کئے جانے لگے ہیں۔ ایگل ٹیم نے ان علاقوں کو اپنی فہرست میں شامل کرلیا ہے اور ان کے درمیان گانجہ کی منتقلی کے نٹ ورک پر بھی نظر رکھی جارہی ہے۔ انہیں اقدامات کے تحت کی گئی کارروائی میں ایگل فورس نے 29 افراد کوحراست میں لے لیا جو گانجہ کا استعمال کررہے تھے۔ ایگل ٹیم نے ان افراد کا ٹسٹ کروایا جن میں گانجہ استعمال کرنے والے ثابت ہوئے، ان افراد کو گانجہ فروخت کرنے والی ٹولی ابھی ایگل ٹیم کی گرفت سے باہر ہے۔ تاہم ایک 78 سالہ ضعیف خاتون کا پتہ لگایا گیا ہے۔ چندراماں نامی یہ خاتون تاحال مفرور بتائی گئی ہے۔ منشیات کے خلاف جاری کوششوں اور مکمل خاتمہ کیلئے ایگل فورس اقدامات کررہی ہے۔ ذرائع کے مطابق ایگل فورس کو ایک خفیہ اطلاع ملی تھی اور اس کے بعد کارروائی کرتے ہوئے فوری اقدام کیا گیا۔ ایگل فورس کی جانب سے امکان ہے ان مقامات پر مزید کارروائیاں کی جائیں گی۔ع