شہر میں گنیش تہوار ،علاقہ دھول پیٹ میں آج سے ٹریفک تحدیدات

   

حیدرآباد۔/28 اگسٹ، ( این ایس ایس ) گنیش تہوار۔2019 کے آغاز کے پیش نظردونوں شہروں میں گنیش بھکتوں اور منڈپوں کے منتظمین گنیش مورتیوں کی خریدی کیلئے دھول پیٹ پہنچتے ہیں چنانچہ حیدرآباد سٹی ٹریفک پولیس نے علاقہ دھول پیٹ میں ٹریفک کی آمدورفت کو آسان اور پُرسکون بنانے کیلئے متبادل انتظامات کئے ہیں جس کے تحت چند تحدیدات عائد کی گئی ہیں جو 29 اگسٹ صبح 8 بجے سے 3 ستمبر صبح 7 بجے تک نافذ رہیں گی۔ گنیش مورتیوں کی خریدی کیلئے پرانا پل مجسمہ گاندھی سے دھول پیٹ میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی اور خریدی کے بعد مورتیوں کو لے جانے والی گاڑیاں بھوئی گوڑہ کمان جنکشن اور گنگا باؤلی سے براہ جھرہ روڈ روانہ ہوں گی۔ پرانا پل یا جمعرات بازار سے آصف نگر یا آغا پورہ کی سمت براہ منگل ہاٹ روانہ ہونے والی ٹریفک کا رُخ پرانا پل مجسمہ گاندھی پر جنسی چوراہا؍ ٹکار واڑی، گھوڑے کی قبر، آغا پورہ کی سمت موڑ دیا جائے گا۔ آصف نگر اور آغا پورہ سے آنے والی ٹریفک جو براہ منگل ہاٹ پرانا پل کی سمت روانہ ہوگی اس کا رُخ بھوئی گوڑہ کمان جنکشن سے آغا پورہ ، گھوڑے کی قبر اور جنسی چوراہا؍ ٹکارواڑی کی سمت موڑ دیا جائے گا۔ براہ منگل ہاٹ دارالسلام سے پرانا پل روانہ ہونے والی ٹریفک کو اس راستہ سے گذرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی بجائے اس کے ٹریفک کا رُخ براہ پان منڈی، گھوڑے کی قبر، جنسی چوراہا ، جمعرات بازار اور پرانا پل کی سمت موڑ دیا جائے گا۔ پرانا پل ؍ جمعرات بازار سے مورتیوں کی خریدی کیلئے پہنچنے والی آٹو ٹرالیوں اور موٹر کاروں کو کمیلہ جیا گوڑہ کے قریب 100 فیٹ چوڑی روڈ پر ہی روک دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔ آصف نگر اور دارالسلام سے آنے والی گاڑیوں کو سیتا رام باغ مندر کے قریب پارک کرنے کی سہولت دی گئی ہے۔