شہر کے نواحی علاقوں میں سڑک حادثات میں 5 افراد ہلاک

   

حیدرآباد /14 مئی ( سیاست نیوز ) شہر و نواحی علاقوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں 5افراد ہلاک ہوگئے ۔ جیڈی میٹلہ پولیس کے مطابق 16 سالہ شیخ فیاض جو طالب علم تھا ۔ بیگم پیٹ علاقہ کے ساکن شیخ احمد کا بیٹا بتایا گیا ہے ۔ کل یہ طالب علم اپنے ساتھیوں کے ہمراہ آٹو میں جارہا تھا کہ جیڈی میٹلہ علاقہ میں ڈی سی ایم ویان کی ٹکر سے برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ معین آباد پولیس کے مطابق 35 سالہ رمیش جو پیشہ سے خانگی ملازم تھا ۔ چلکور علاقہ میں رہتا تھا ۔ کل یہ شخص موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ مخالف سمت سے دوسری موٹر سائیکل ٹکرا گئی اور شدید زخمی حالت میں یہ شخص فوت ہوگیا ۔ مائیلاردیوپلی پولیس کے مطابق 55 سالہ کشن جو پیشہ سے ویلڈر تھا ۔ بنڈلہ گوڑہ علاقہ میں رہتا تھا ۔ کل یہ شخص پیدل سڑک عبور کر رہا تھا کہ تیز رفتار موٹر سائیکل کی زد میں آکر یہ زخمی ہوگیا اور علاج کے دوران کل رات فوت ہوگیا ۔ میڑچل پولیس کے مطابق 54 سالہ پربھاکر ریڈی جو پیشہ سے کسان تھا کوتور میں رہتا تھا 8 مئی کے دن یہ شخص موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ حادثہ پیش آیا اور شدید زخمی حالت میں یہ شخص آج فوت ہوگیا ۔ افضل گنج پولیس کے مطابق 70 سالہ راجیہ جو پیشہ سے بزنس مین تھا ۔ کاچی گوڑہ علاقہ میں رہتا تھا ۔ گیارہ مئی کے دن یہ شخص آٹو میں سفر کر رہا تھا کہ آٹو سے گرکر شدید زخمی ہوگیا جو علاج کے دوران کل رات فوت ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں ۔