شیشہ و تیشہ

   

قرض …!!
سیٹھ بولا قرض اب فوراً ادا کرنا مجھے
خواہ مخواہ تو اس طرح سے کیوں پھراتا ہے مجھے
میں نے اس سے یہ کہا بھائی کہ یہ تو کچھ نہیں
قرض دیتے وقت تو کتنا ستایا تھا مجھے
………………………
قطب الدین قطبؔ
بس …!!
میرے شہر کی ٹریفک تو ایسی ہے کہ بس
ہر شخص یہ ہی سوچتا ہے کہ بس
دوسرے رہ جائیں پیچھے تو رہ جائیں بے بس
میں آگے نکل جاؤں کسی طرح سے بس
………………………
انور مسعود
زود اثر …!
سر درد میں گولی یہ بڑی زود اثر ہے
پر تھوڑا سا نقصان بھی ہوسکتا ہے اس سے
ہو سکتی پیدا کوئی تبخیر کی صورت
دل تنگ و پریشان بھی ہوسکتا ہے اس سے
ہوسکتی ہے کچھ ثقل سماعت کی شکایت
بے کار کوئی کان بھی ہوسکتا ہے اس سے
ممکن ہے خرابی کوئی ہوجائے جگر میں
ہاں آپ کو یرقان بھی ہوسکتا ہے اس سے
پڑسکتی ہے کچھ جلد خراشی کی ضرورت
خارش کا کچھ امکان بھی ہوسکتا اس سے
ہوسکتی ہیں یادیں بھی ذرا اس سے متاثر
معمولی سا نسیان بھی ہوسکتا ہے اس سے
بینائی کے حق میں بھی یہ گولی نہیں اچھی
دیدہ کوئی حیران بھی ہوسکتا ہے اس سے
ہوسکتا ہے لاحق کوئی پیچیدہ مرض بھی
گردہ کوئی ویران بھی ہوسکتا ہے اس سے
ممکن ہے کہ ہوجائے نشہ اس سے ذرا سا
پھر آپ کا چالان بھی ہوسکتا ہے اس سے
………………………
کیا دیکھا …!؟
٭ شوہر (بیوی سے ) جانو ! تم نے کیا دیکھا تھا کہ مجھ سے شادی کے لئے فوراً ہاں کردی تھی ۔
بیوی : ایک بار کچن میں آپ کو برتن دھوتے دیکھا تھا ۔
………………………
امریکہ …!
٭ ایک شخص نے اپنے بچے کا نام ’’امریکہ ‘‘ رکھ دیا ۔لوگوں نے حیرانی سے اس کی وجہ پوچھی تو بولا : ہم دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ ’’ہم امریکہ کا باپ ہے ‘‘۔
عاطف ، انس ایان ۔سعودی عربیہ
………………………
احساس …!!
٭ ماں نے غصہ سے بیٹی سے پوچھا : امتحان نزدیک ہے اور تم بالکل سبق یاد نہیں کرتی ہو ۔ لڑکی بولی میں تو رات دو بجے تک پڑھتے ہوئے بیٹھی تھی ۔
ماں نے حیرت سے کہا : ’’رات بھر بجلی نہیں تھی نا …!؟‘‘
لڑکی بولی : مجھے احساس ہی نہیں ہوا ، میں تو پڑھنے میں مصروف تھی ۔
………………………
انٹرویل میں …!؟
دوست : تم سینما دیکھنے جارہے ہو پھر یہ کتابیں ساتھ کیوں لے جارہے ہو ؟
دوسرا دوست : کل امتحان ہے نا ، اس لئے میں انٹرویل میں کتابیں پڑھوں گا ۔
شعیب علی فیصل ۔ محبوب نگر
………………………
ایک ہی حصہ …!!
٭ جس قسم کے ڈانس اور جس قماش کے ڈانسر آج کل ٹی وی اور دیگر چینلز پر دکھائی دیتے ہیں ان میں جسم کا صرف ایک ہی حصہ استعمال کیا جاتا ہے ۔ ہر جذبے اور ہر ایسی خواہش کا اظہار و اعلان جس سے گھر بگڑے اب صرف کولہوں کے ذریعہ کیا جاتا ہے۔ ہم تو بچپن سے یہی سنتے اور سمجھتے آئے تھے کہ کولہے صرف بیٹھنے ، اسکول میں بید لگوانے اور پتلون کو پھسلنے سے باز رکھنے کے لئے بنائے گئے ہیں ۔ اب تو دیکھا کہ پوری Emotional Range یعنی جذبات کی ساری سرگم کولہوں سے اس طرح ادا کی جاتی ہے کہ کیا بتائیں ، دل پر چھری سی چل جاتی ہے ۔ مٹکنے ، مٹکانے اور ٹھمکا لگانے یعنی hip Swingling اور Wiggling کو فنون لطیفہ کا درجہ دینے کا کریڈٹ ان ٹی وی چیلنز کو جاتا ہے ۔
(مشتاق احمد یوسفی کی تحریر سے اقتباس)
نجیب احمد نجیب ۔حیدرآباد
………………………