شیشہ و تیشہ

   

شاداب بے دھڑک مدراسی
ہنسنے کی مشق!
دامانِ غم کو خون سے دھونا پڑا مجھے
اشکوں کے موتیوں کو پرونا پڑا مجھے
میری ہنسی میں سب یونہی شامل نہیں ہوئے
ہنسنے کے مشق کے لئے رونا پڑا مجھے
………………………
احمدؔ قاسمی
غزل (مزاحیہ)
لمحہ لمحہ عذاب گرمی کا
کچھ نہ پوچھو حساب گرمی کا
دُھوپ ایسی کہ جسم جلتا ہے
چھاؤں میں بھی عِتاب گرامی کا
جھیل جھرنے ندی سبھی سُوکھے
دیکھئے انقلاب گرمی کا
چھت سے اک آگ سی برستی ہے
کیا یہی ہے شباب گرمی کا
ہو کے مجبور کرلیا شاید
وقت نے انتخاب گرمی کا
پیڑ خاموش ہیں ہوا چُپ سی
دبدبہ ہے جناب گرمی کا
ڈھونڈھتے ہو کہاں میاں احمدؔ
شاعری میں جواب گرمی کا
………………………
کولمبس اور امریکہ
٭ آپ کو معلوم ہے کولمبس نے امریکہ دریافت کیا تھا لیکن آپ کو شاد یہ پتہ نہیں ہے کہ اس نے شادی نہیں کی تھی ۔ اگر وہ شادی شدہ ہوتا تو امریکہ دریافت نہ ہوتا البتہ اس سے یہ ضرور پوچھا جاتا:
• کیوں جارہے ہو ؟
• کہاں جارہے ہو ؟
• مجھے بھی ساتھ لے چلو نا !
• واپس کب تک آؤ گے ؟
• ہاں ! میرے لیے کیا لاؤ گے ؟
• ارے ! میری امی کو بھی ساتھ لیتے جاؤ ۔
• وہاں پہنچ کر فون ضرور کر دینا ۔
• تم گھر بیٹھ کر کیوں امریکہ دریافت نہیں کر لیتے ؟
• منے کے لئے گرم کپڑے تو سستے مل جائیں گے ، لیتے آنا ۔
• ارے یاد آیا واپسی پر دودھ اور ڈبل روٹی لیتے آنا ۔
ابن القمرین ۔ مکتھل
………………………
پیسے لگاؤ…!
٭ ایک بیوقوف شخص نے اپنی موٹر سائیکل پر پانچ ، پانچ روپئے کے کئی سکے لگا رکھے تھے ۔ اس کے ایک قریبی دوست نے اس سے پوچھا کہ : ’’تم نے یہ سکے کیوں لگا رکھے ہیں ؟ ‘‘۔
بیوقوف نے کہا : ’’مجھے میکانک نے کہا تھا کہ اِس پر پیسے لگاؤ یہ ٹھیک ہوجائے گی …!!‘‘
سید حسین جرنلسٹ ۔ دیورکنڈہ
………………………
سونے کی چیز …!
بیوی شوہر سے : اجی کتنے دن ہوئے آپ مجھے سونے کی کوئی چیز لانے کا وعدہ کئے تھے ابھی تک نہیں لائے !آج آپ مجھے سونے کی کوئی چیز لائیے اب آپ کا کوئی حیلہ نہیں چلنے والا …!!
یہ سن کر شوہر نے بیوی سے کہا : ’’اچھا بیگم آج میں آپ کو ضرور سونے کی چیز لاکر دوں گا ‘‘۔ یہ کہکر شوہر بازار گیا اور ایک تکیہ لا کے بیوی سے کہا ’’بیگم یہ تکیہ لو اور سوجاؤ…!!‘‘
بابو اکیلاؔ ۔ جہانگیر واڑہ کوہیر
………………………
سزا …!
٭ شوہر اور بیوی کے درمیان جھگڑا ہوگیا تو بیوی نے اپنی ماں کو فون کیا اور کہا : ’’میرا اُن سے جھگڑا ہوگیا ہے ۔ میں تین چار مہینے کے لئے آپ کے پاس آرہی ہوں ‘‘۔
ماں : ’’جھگڑا اُس کمبخت نے کیا ہے ! سزا بھی اُسے ہی ملنی چاہئے …! ۔ تو رُک بیٹی میں آتی ہوں پانچ چھ مہینے کے لئے …!!
محمد امتیاز علی نصرت ۔ پداپلی ، کریمنگر
………………………
’’بالکل ٹھیک کہا…!!‘‘
٭ ایک صاحب سے اُن کے نئے دوست نے پوچھا …’’ابھی ابھی میرے گھنٹی بجانے پر کیا آپ کی بیوی نے دروازہ کھولا تھا …!‘‘۔
اُن صاحب نے جواب دیا : ’’جی ہاں ! آپ کے خیال میں اتنی بدصورت ملازمہ رکھ سکتا ہوں ‘‘
اسریٰ جمیل ۔ ٹولی چوکی
………………………