شیشہ و تیشہ

   

نجیب احمد نجیبؔ
ناس کردیا …!!
پٹرول اور ڈیزل تو سدا بام پر رہے
اَسّی روپئے کلو میں ٹماٹر مٹر رہے
عام آدمی کے ہوش ٹِھکانے کدھر رہے
گردش میں اس طرح سے مقدر اگر رہے
سب کا وکاس بول کے سب ناس کردیا
تقریر کرنے آیا تو بکواس کردیا
………………………
یاور علی محورؔ
مزاحیہ غزل …!!
جھوٹا مکار ہے بڑا لیڈر
سچ کے وہ سامنے کھڑا لیڈر
باز آتا نہیں مظالم سے
اپنی ہی ضد پہ تھا اڑا لیڈر
بیچ کھایا ہے اپنی غیرت کو
جیل میں بھی بہت سڑا لیڈر
بھائی چارہ اُسے نہیں بھاتا
اک نئی داستاں گھڑا لیڈر
جیت جاتا ہے بس کرشمے سے
انتخابات جب لڑا لیڈر
اُن سے باہر نکل نہیں پایا
جن جھمیلوں میں تھا بڑا لیڈر
کھودا محورؔ جو دوسروں کے لئے
اُسی کھڈے میں ہی گڑا لیڈر
………………………
یہ تینوں غذائیں …!!
٭ ڈاکٹر کے پاس ایک موٹا آدمی آیا اور کہا کہ ’’ڈاکٹر صاحب میرے موٹاپے کا علاج کیجئے …!‘‘ ۔
ڈاکٹر نے کہا : ’’گھبرانے کی ضرورت نہیں ۔ میں تمہارا علاج غذا سے ہی کردونگا ۔ اس کے لئے ناشتہ میں دو اڈلی ، لنچ میں سنترے کا جوس اور ڈنر میں صرف ایک روٹی لینا ہوگا ۔
موٹے آدمی نے کہا : ’’یہ تینوں غذائیں ناشتہ ، لنچ اور ڈنر میں پہلے لینا ہوگا یا بعد میں…!!
اعجازاحمد۔ورنگل
………………………
نہلے پہ دہلا
٭ میں لائبریری میں گیا اور ایک میز پر اکیلی بیٹھی لڑکی سے پوچھا ’’ایکسیوز می! کیا میں یہاں بیٹھ سکتا ہوں…؟‘‘
لڑکی نے سر اٹھا کر مجھے دیکھا اور پھر چیخ کر کہا تمہاری یہ جرات تم مجھے اپنے ساتھ چلنے کا کہو۔ میں ہکابکا رہ گیا۔
ساری لائبریری مجھے دیکھ رہی تھی۔ میں کھسیا کر دوسری ٹیبل پر بیٹھ گیا۔
کچھ دیر بعد وہ لڑکی کام سمیٹ کر مسکراتی ہوئی میرے پاس آئی اور اُس نے آہستہ سے کہا ’’ایکسیوز می! میں نفسیات کی طالبہ ہوں۔ مجھے احساس ہے تم اس وقت کیسا محسوس کر رہے ہوگے۔بس میں ایک تجربہ کررہی تھی…!! ‘‘۔
میں نے اچانک چیخ کر کہا بے شرم کچھ دیر باہر جانے کیلئے تم پیسے مانگ رہی ہو…؟ میں تو تمہیں ’’شریف‘‘ سمجھ رہا تھا۔ اب پوری لائبریری آنکھیں پھاڑ کر لڑکی کی طرف دیکھ رہی تھی۔
میں نے اِسے سرگوشی میں کہا : ’’ایکسیوزمی! میں قانون کا طالب علم ہوں۔ مجھے پتہ ہے کسی کو ملزم کیسے ثابت کیا جا سکتا ہے. یہ تو ویسے ہی آپ سے مذاق کر رہا تھا…!!
محمد مشتاق احمد۔ وٹے پلی
………………………
بھوت پریت …!!
٭ پُرانے زمانے میں جب کوئی اکیلا بیٹھ کر ہنستا تھا تو لوگ کہتے تھے کہ اس پر کوئی بھوت پریت کا سایا ہے ۔
آج کوئی اکیلے میں بیٹھ کر ہنستا ہے تو کہتے ہیں مجھے بھی Send کردے …!!
سید شمس الدین مغربی ۔ریڈہلز
………………………
مقدار …!!
ٹیچر : تمہارے نانا کا انتقال کیسا ہوا ؟
شاگرد : پانی میں ڈوب کر مرگئے …!
ٹیچر : لیکن وہ تو نہایت کمزور اور بیمار تھے تالاب کیوں گئے … ؟
شاگرد : تالاب میں نہیں ڈوبے بلکہ چھت پر پانی کی ٹانکی میں جھانک کر پانی کی مقدار دیکھ رہے تھے کہ میرے چھوٹے بھائی نے اچانک پنکھے کا رُخ اُدھر پھیردیا اور وہ ہوا کے دباؤ سے پانی میں گرکر ڈوب گئے ۔
مظہر قادری۔ حیدرآباد
………………………