شیشہ و تیشہ

   

محمد شفیع مرزا انجم حیدرآبادی
قطعہ
اب کسی کی نوجوانی کا اجارہ چاہئے
اس ضعیفی میں حسینوں کا سہارا چاہئے
پیر لٹکے ہیں قبر میں اور ہے شادی کا شوق
خوبصورت سولہ سالہ انکو بیوہ چاہئے
…………………………
ڈاکٹر قطب سرشار
غزل
آمد و رفت سانس کی ہے میاں
کیا یہ مفہومِ زندگی ہے میاں
ہر کسی کو کہاں میسر ہے
میرے دل میں جو روشنی ہے میاں
بجھ گئے ہیں دیئے صداقت کے
کس کی آنکھوں میں روشنی ہے میاں
تیرگی بس گئی ہے کمروں میں
سارے آنگن میں روشنی ہے میاں
عہد رفتہ میں کج کلاہی تھی
آج افکار میں کجی ہے میاں
قطبؔ سرشار خوب کہتے ہو
شاعری ہے کہ ساحری ہے میاں
…………………………
یہ دعا نہیں …!؟
زید : بکر کے کسی کام سے خوش ہوکر ’’خدا تمہیں حیاتِ خضر عطا فرمائے …!!‘‘
بکر : ایسا نہ کہو ! اس پرفتن دور میں یہ دعا کسی بددعا سے کم نہیں …!!
زکریا سلطان ۔ ریاض سعودی عرب
…………………………
پتہ نہیں !
٭ ایک عورت اپنے گمشدہ شوہر اور اپنے پالتو کتے کی رپورٹ درج کرانے کیلئے پولیس اسٹیشن گئی :
عورت : میرا شوہر گم ہوگیا ہے !
انسپکٹر : اُن کی ہائیٹ کیا تھی ؟
عورت : میں نے غور نہیں کیا ۔
انسپکٹر : دبلے تھے یا صحت مند ؟
عورت : دبلے تو نہیں ، شاید صحت مند
انسپکٹر : آنکھوں کا رنگ ؟
عورت : پتہ نہیں ! کبھی غور نہیں کیا ۔
انسپکٹر : بالوں کی رنگت ؟
عورت : کالے ہونا چاہئے
انسپکٹر : وہ کیا زیب تن کئے ہوئے تھے ؟
عورت : ٹھیک سے مجھے یاد نہیں !
انسپکٹر : کیا کوئی اُن کے ساتھ تھا ؟
عورت : ہاں ! میرا آلسیشن کتا ( رومیو) سنہری چین سے بندھا ہوا لمبائی 30 انچ ، صحت مند ، نیلی آنکھیں ، کالے اور بھورے مائل بال ، اُس کے دائیں پیر کا انگوٹھا تھوڑا ٹوٹا ہوا ہے ۔ وہ کبھی نہیں بھونکتا ، وہ ایک سنہرا پٹا پہنا ہوا ہے جس میں نیلے نگ لگے ہوئے ہیں ، نان ویج کھانا اُسے مرغوب ہے ، ہم ساتھ میں کھاتے اور ساتھ ہی میں جوگنگ کیلئے جاتے ہیں …… اور اتنا کہتے ہوئے وہ عورت پھوٹ پھوٹ کر رونے لگی ۔
انسپکٹر : میڈم ! مت روئیے آپ کے کتے کو ہی پہلے ڈھونڈتے ہیں !!!
سلطان قمرالدین خسرو ۔ مہدی پٹنم
…………………………
ڈکیتی کا انداز!!
٭ نئی دہلی کے فائیو اسٹار ہوٹل کے ایک کمرے میں کچھ امریکن اپنے ایک ہندوستانی دوست کے ساتھ بیٹھے ہوئے تھے۔ ڈاکوؤں کا ذکر ہورہا تھا کہ کس طرح وہ سیٹھوں کے رشتہ داروں کو اٹھا لے جاتے ہیں اور جب تک روپیہ نہ دیا جاتا انہیں نہیں لوٹاتے ۔ امریکیوں نے بیچ میں بات کاٹتے ہوئے کہا ہمارے ملک میں رواج دوسرا ہے ۔ وہاں ڈاکو لکھ پتیوں کی ساس کو پکڑ کر لے جاتے ہیں اور دوسرے دن یہ پیغام بھیجتے ہیں فوراً دس ہزار ڈالر فلاں جگہ بھیج دو نہیں تو ابھی تمہاری ساس کو واپس بھیج رہا ہوں !!
مجتبٰی حسین ۔ نلگنڈہ
…………………………
بیجا دخل …!!
٭ اپنے دانتوں کو طویل عرصہ تک سلامت رکھنے کے تین نسخے ہیں
(۱) دانت روز صاف کرو
(۲) سال میں ایک مرتبہ دانت کے ڈاکٹر کو بتلاؤ ۔ (۳) دوسروں کے معاملے میں بیجا دخل مت دو۔
مظہر قادری۔ حیدرآباد
………………………
آہ دوست …!
٭ ایک صاحب کو تصویر بنانی نہیں آتی تھی۔ ایک دن انھوں نے اپنے دوست کی اُلٹی سیدھی لکیریں کھینچ کر عجیب سی تصویر بنا ڈالی پھر تصویر دیکھ کر انھوں نے افسوس سے گردن ہلائی اور آہستہ سے کہا : ’’آہ پرویز ! تم کتنے بدل چکے ہو…!!‘‘
سید حسین جرنلسٹ ۔ دیورکنڈہ
………………………