شیشہ و تیشہ

   

نجیب احمد نجیبؔ
مصطفی علی بیگ کو خراج
ساس کو چونا لگایا ! ایڈیئٹ
عقد میں کھلایا ! ایڈیئٹ
میکشی کے نام پو دھبہ ہے تو
پی کو پانی لڑکھڑایا ! ایڈیئٹ
اپنا گھر پیپل کی ٹھنڈی چھاؤں میں
دھوپ میں سب کو بٹھایا ! ایڈیئٹ
شاعری سے جن کو دلچسپی نہیں
اُن کو تو شعراں سنایا ! ایڈیئٹ
عقد مسجد میں پڑھایا ہے مگر
وائف کو زندہ جلایا ! ایڈیئٹ
…………………………
نمک پارے …!!
٭ بیوی دنیا کی واحد عورت رہتی ہے جسے آپ دیکھتے کم اور سنتے زیادہ ہیں …!!
٭ بیوی بیگم اور وائف میں کوئی فرق نہیں ایک ہی دشمن کے تین مختلف نام ہیں …!
٭ لاک اپ اور لاک ڈاؤن میں یہ فرق ہوتا ہے کہ پہلی قید پولیس کی رہتی ہے جس میں ضمانت ہوسکتی ہے دوسری قید بیوی کی ہوتی ہے جس میں ضمانت بھی نہیں ملتی …!!
٭ آج کی بیوی کو پاندان کسے کہتے ہیں معلوم ہے لیکن شاید کل کی بیوی کو خاندان کسے کہتے ہیں یہ بھی معلوم نہیں ہوگا …!!
مظہر قادری ۔ حیدرآباد
…………………………
بڑا شاعر…!
٭ کچھ نقاد حضرات اردو کے ایک شاعر کی مدح سرائی کر رہے تھے، ان میں سے ایک نے کہا۔’’صاحب کیا بات ہے، بہت بڑے شاعر ہیں، آپ تو حکومت کے خرچ سے یورپ بھی ہو آئے ہیں‘‘۔
ہری چند اختر نے یہ بات سنی تو نہایت متانت سے کہا ’’جناب اگر کسی دوسرے ملک میں جانے سے کوئی آدمی بڑا شاعر ہو جاتا ہے تو میرے والد صاحب ملکِ عدم جا چکے ہیں لیکن خدا گواہ ہے کہ کبھی ایک شعر بھی موزوں نہیں کر سکے‘‘۔
ابن القمرین ۔ مکتھل
…………………………
بیوقوف اور دوکاندار …!
بیوقوف : میرے شیمپوں کے ساتھ فری گفٹ جو ہے وہ دے دو …!؟
دوکاندار : جی اس کے ساتھ کوئی گفٹ نہیں ۔
بیوقوف : مگر اس پر تو لکھا ہوا ہے Dandruff Freee ۔
رفعت موسیٰ ۔ چنچلگوڑہ ، حیدرآباد
…………………………
کہاں جائیں گے ؟
بیوی اپنے شوہر سے : سُنو جی ڈاکٹر نے مجھے آرام لینے کا مشورہ دیا ہے اور آب و ہوا تبدیل کرنے کو کہا ہے ۔ اور اس کے لئے مجھے سوئٹزرلینڈ یا کوئی بیرون ملک ہل اسٹیشن جانے کا مشورہ دیا ہے ، بتاؤ ! ہم کہاں جائیں گے…؟
شوہر (کچھ دیر سوچ کر ) : دوسرے ڈاکٹر کے پاس…!!
ڈاکٹر گوپال کوہیرکر۔ نظام آباد
………………………
اعداد شماری
٭ اعداد و شمار کے ماہر نے ایک مرتبہ اپنے دوستوں کو بتایا کہ اوسط درجے کا ہر آدمی روزانہ پچیس ہزار الفاظ بولتا ہے جب کہ اوسط درجے کی عورت روزانہ تیس ہزار الفاظ بولتی ہے ۔ پھر آہ بھرکر انھوں نے کہا :
’’بدقسمتی سے شام کو جب میں دفتر سے گھر پہونچتا ہوں تو اپنے پچیس ہزار الفاظ استعمال کرچکا ہوتا ہوں ، جب کہ میری بیوی اپنے تیس ہزار الفاظ بولنے کا آغاز کرتی ہے ‘‘۔
نظیر سہروردی ۔ راجیونگر ، حیدرآباد
…………………………
آنکھوں کی چمک…!!
٭ دو دوست ساتھ ساتھ چل رہے تھے ۔ اچانک ایک نے دوسرے سے کہا : ’’ہمارے پیچھے کوئی خوبصورت لڑکی آرہی ہے …!!‘‘
دوسرے نے پلٹ کر دیکھا تو واقعی اُن کے پیچھے ایک حسین اور خوبصورت لڑکی چلی آرہی تھی ۔ دوسرے دوست نے حیرت زدہ ہوکر پہلے دوست سے پوچھا : ’’تمہیں یہ کیسے معلوم ہوا کہ ہمارے پیچھے وہ لڑکی آرہی ہے…؟‘‘
’’تم نے اُس نوجوان کو دیکھا جو ابھی ہمارے سامنے آرہا ہے ، اس کی آنکھوں میں ایسی چمک پیدا ہورہی ہے جو صرف خوبصورت لڑکیوں کو دیکھ کر ہوتی ہے ‘‘
ہانیہ تشبیب ۔ نلگنڈہ
…………………………