شیشہ و تیشہ

   

سرفراز شاہد
منے کا بستہ !!
منے پر ہے اتنا بوجھ کتابوں کا
بے چارے کو چلنے میں دشواری ہے
اس کا بستہ دیکھ کے ایسے لگتا ہے
پی۔ایچ۔ڈی سے آگے کی تیاری ہے
…………………………
ٹپیکل جگتیالی
غزل(مزاحیہ )
یہ ہوگیا ہے حال تجھے دیکھنے کے بعد
سب جھڑگئے ہیں بال تجھے دیکھنے کے بعد
گلتی نہیں ہے دال تجھے دیکھنے کے بعد
کیا کھاؤں شیرمال تجھے دیکھنے کے بعد
وہ شیخ تو بے چارے بڑے ہی شریف تھے
بدلی ہے اُن کی چال تجھے دیکھنے کے بعد
جو چاہے گا تجھے وہ جہنم میں جائے گا
نکلا ہے ایسا فال تجھے دیکھنے کے بعد
بچھو کا ڈنگ سانپ کا پھن لومڑی صفت
کیا اور دوں مثال تجھے دیکھنے کے بعد
پیٹا پٹک پٹک کے ترے بھائی نے مجھے
پہنچا میں اسپتال تجھے دیکھنے کے بعد
تجھ سے ملا نہ تھا تو ٹپیکل ؔ مزے میں تھا
اب ہوگیا نڈھال تجھے دیکھنے کے بعد
……………………………
ترکیب
٭ کلاس ٹیچر نے ایک بچے کے گھر رپورٹ بھیجی ۔ آپ کا بچہ لڑکیوں میں بیٹھنا زیادہ پسند کرتا ہے مگر آپ فکر نہ کریں اس کی یہ عادت چھڑانے کے لئے میں ایک ترکیب آزما رہی ہوں ۔ بچے کی ماں نے رپورٹ دیکھنے کے فوراً بعد کلاس ٹیچر کو ایک خط بھجوایا جس میں لکھا تھا ۔ اگر آپ کی ترکیب کامیاب ہوجائے تو مجھے بھی بتادیجئے گا میں اسے منّے کے پاپا پر آزماؤں گی ۔
رحیم مقبول ۔ باغ جہاں آراء ، حیدرآباد
……………………………
سو گیندیں قربان
٭ میچ کے دن ایک مقامی ٹیم کو اچانک پتہ چلاکہ ان کا ایک کھلاڑی کم ہے ۔ انھوں نے اسپورٹس کے سامان کی دکان کے مالک سے کھیلنے کی درخواست کی۔ دکان کے مالک نے یہ سوچ کر حامی بھرلی کہ انکارکرنا کاروباری لحاظ سے نقصاندہ ثابت ہوسکتا ہے ۔ حالانکہ اس نے اس سے پہلے کبھی کرکٹ کھیلی ہی نہیں تھی ۔ اتفاق سے پہلے گیند کو اس نے اندھا دھند پیٹا۔ گیند بیاٹ پر آگئی اور تیزی سے باؤنڈری کی طرف گئی ۔ نان اسٹرائیکر اینڈ پر کھڑے بیٹسمین نے اسے پکارا ۔
’’ بھاگیے پاشاہ صاحب ، بھاگیے ‘ ‘
’’تم فکر نہ کرو بھائی ‘‘دکاندارنے کہا ’’میں تم لوگوں کو دوسری گیند دے دوں گا۔ ایسی سو گیندیں تم پر قربان‘‘۔
فہیم احمد صدیقی ۔ مرادنگر
…………………………
سب سے اسمارٹ کون
٭ طیارہ میں ایک بوائے اسکارٹ ، دنیا کا سب سے اسمارٹ نوجوان، صدر امریکہ اور ایک راہب سفر کررہے تھے ۔ پائلٹ کو ملاکر 5 افراد تھے۔ اچانک پائلٹ نے اعلان کیا کہ طیارہ کچھ ہی دیر میں حادثہ کا شکار ہونے والا ہے اور5 آدمیوں میں صرف 4 پیراشوٹس ہیں ، یعنی 5 ویں کی موت برحق ہے ۔ یہ کہتے ہوئے پائلٹ نے ایک پیرا شوٹ اُٹھایا اور اسے کھول کر طیارہ سے کود پڑا ۔ انتہائی خوبصورت اور اسمارٹ نوجوان یہ کہتے ہوئے پیراشوٹ پر ٹوٹ پڑا وہ بے حد حسین ہے اور دنیا کو اس کے حسن کی ضرورت ہے ۔ صدر امریکہ نے تیسرا پیرا شوٹ جھپٹ لیا اور کہا کہ وہ امریکہ جیسے عظیم ملک کا صدر ہے اور اس کی زندگی دوسروں سے زیادہ اہم ہے ۔ اب ایک پیرا شوٹ بچ گیا جبکہ بوائے اسکاؤٹ اور راہب دو مسافر تھے ۔ راہب نے بوائے اسکاوٹ سے کہا کہ ’’ بیٹا میں اپنی زندگی جی چکا مجھے معلوم ہے کہ میں خدا سے قریب رہوں گا تم یہ آخری پیرا شوٹ لے لو اور کود کر اپنی جان بچالو‘‘ ۔بوائے اسکاوٹ نے جواب دیا ’’ اے محترم انسان آپ دنیا کے سب سے خوبصورت اور سب سے زیادہ محترم شخصیت ہیں میں اپنی جان بچانے کیلئے آپ کے جان کی قربانی نہیں دے سکتا ، آپ گھبرائیے مت یہاں ایک نہیں دو پیراشوٹ موجود ہیں ۔ صدرجلد بازی میں پیرا شوٹ کی بجائے پائلٹ کی جیاکٹ پہن کر نیچے اترگئے!
حذیفہ العیدروس ۔ ممتاز باغ
……………………………
اس لئے …!
مالک ( نوکر سے ) : میں نے تم سے کہا چاول، چوزے کو کھلانا تم بلی کو کھلارہے ہو۔
نوکر : جناب بلی کو چاول اس لئے کھلا رہا ہوں کیونکہ چوزہ بلی کے پیٹ میں چلا گیا ہے ۔
ریشماں کوثر ۔ میرباغ کالونی ، نلگنڈہ
…………………………