شیشہ و تیشہ

   

اشفاق جانی
چھپن انچ…!!
کوئی مغرور ہوجائے یہ کب اُس کو گوارا ہے
تکبر کی بلندی سے بھی ذلت سے اُتارا ہے
جو چھپّن انچ کا سینہ بتاتا ہے زمانے کو
خدا کا قہر تو دیکھو اُسے جھاڑو نے مارا ہے
…………………………
میرا وطن
خدا کی راہ میں ہم کوئی سمجھوتہ نہیں کرتے
مگر خاک وطن تجھکو کبھی رُسوا نہیں کرتے
ہمارے دیش کی سنسد تجھے یہ تو پتہ ہوگا
محبت کرنے والی ہرچیز کو سجدہ نہیں کرتے
محمد امتیاز علی نصرتؔ۔پداپلی ، کریم نگر
…………………………
عبدالحکیم ناصفؔ
ناک آؤٹ غزل
سر دیوار بیٹھے ہیں، پسِ دیوار بیٹھے ہیں
مجھ اکلوتے کا دل لینے بہت دل دار بیٹھے ہیں
میں ہوں بیمار میرے پاس میرے یار بیٹھے ہیں
یہ پُرسی کرچکے، پُرسے کو اب تیار بیٹھے ہیں
کوئی اُلو نہیں بنتا، کوئی مرغا نہیں پھنستا
یہ طوطا اور ہم، فٹ پاتھ پر بے کار بیٹھے ہیں
کبھی تو گرم ہوکر نرم ہوگا حسن کا لوہا
ہتھوڑا عشق کا تھامے کئی لوہار بیٹھے ہیں
جو ہو آرام سے جینا، نہ لڑنا اپنی زوجہ سے
یہ گُر سمجھائے ان کو جو زوجہ دار بیٹھے ہیں
مری سمدھن پہ ڈورے ڈالتے رہتے ہیں دریا خان
مرے سمدھی، سمندر خاں، سمندر پار بیٹھے ہیں
یہی ہے انقلاباتِ جہاں پر تبصرہ ناصفؔ
کہ جتنے کار والے تھے وہ سب بے کار بیٹھے ہیں
…………………………
پڑوسی …!
دوکاندار : آپ شاید اپنا یہ قیمتی سیل فون اس خیال سے سستے میں فروخت کررہے ہیں کہ کہیں آپ کا پڑوسی اسے چوری کرکے فروخت نہ کردے…!؟
گاہک : جی ! میں پڑوسی ہی ہوں …!!
مظہر قادری۔حیدرآباد
…………………………
بس پانچ منٹ …!
٭ اکثر شوہر لوگ کام ہی ڈانٹ کھانے والے کرتے ہیں ۔ جب بیوی نے کہہ دیا کہ ’’بس پانچ منٹ میں تیار ہوجاؤں گی ‘‘ تو ہر آدھے گھنٹے بعد پوچھتے رہتے ہیں…
’’ابھی کتنی دیر ہے …؟‘‘
نجیب احمدنجیب۔حیدرآباد
…………………………
دوستوں کی اقسام…!
٭ دنیا میں 3 طرح کے دوست ہوتے ہیں 1) آیورویدک دوست: مطلب بول چال میں بہت بڑھیا لیکن ایمرجنسی میں کام نہیں آتے…!!
2) ایلوپیتھک دوست: ایمرجنسی میں یہی کام آتے ہیں،لیکن کب کیا سائیڈ افیکٹ دکھا دیں،بھروسہ نہیں …!؟
3)ہومیوپیتھک دوست:مطلب ویسے تو کوئی کام کے نہیں ہوتے لیکن ساتھ رہتے ہیں تو اچھا لگتا ہے…!!
سہیل شاہ ۔ محبوب نگر
………………………
سزا کا احساس …!!
بیوی : ہماری شادی کو بیس سال ہو گئے اور پتہ بھی نہیں چلا…!؟
شوہر بولا…سزا کا احساس صرف قیدی کو ہوتا ہے …!
جیلر کو نہیں…!!
………………………
تحفہ…!!
لڑکی : میری سال گرہ کا تحفہ کہاں ہے؟
لڑ کا : وہ سڑک پر لال رنگ کی کار دیکھ رہی ہو…!!
لڑکی خوشی سے WOW
لڑکا : بالکل اسی رنگ کی نیل پالش لایا ہوں…!!
محمد محی الدین ۔ ملک پیٹ
………………………
کیا ملے گا …!؟
٭ ایک ماڈرن دُلہن نے اپنے شوہر سے اُٹھلاکر پوچھا : ’’باورچی کو رخصت کرکے اگر میں آپ کے لئے کھانا پکانا شروع کردوں تو مجھے کتنی تنخواہ ملے گی ؟
شوہر نے جواب دیا : ’’تنخواہ تو نہیں ڈیئر میرے بیمے کی رقم ضرور ملے گی …!‘‘
سید شمس الدین مغربی ۔ریڈہلز
…………………………