شیلا ڈکشت نے طاقت کیلئے نہیں دہلی کی بہتری کیلئے جدوجہدکی

   

دہلی حکومت کے موجودہ بحران پر کانگریس قائد اجے ماکن کا بیان

نئی دہلی: دہلی حکومت اور مرکزی حکومت میں اس بات پررسہ کشی جاری ہے کہ دہلی کے افسران کے تبالوں اور تعیناتی کا اختیار کس کے پاس ہوگا۔ سپریم کورٹ نے اس معاملہ میں ریاستی حکومت کے حق میں فیصلہ سنایا دیا ہے، جبکہ مرکزی حکومت نے ایک آرڈیننس کے ذریعے اس فیصلے کو الٹ دیا ہے۔ اس تنازعہ کے درمیان کانگریس لیڈر اجے ماکن نے ٹوئٹ کرکے دہلی کی سابق وزیر اعلی شیلا دکشٹ کے کام کرنے کے انداز کو یاد کیا ہے۔اجے ماکن نے ٹوئٹ کیا ’’دہلی 2000 کی دہائی کے اوائل میں ایک تاریخی تبدیلی سے گزر رہی تھی اور وہ ٹرانسپورٹ، بجلی اور سیاحت کے وزیر کے طور پر وزیر اعلیٰ شیلا دکشت کی قیادت میں کام کر رہے تھے۔ پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے سی این جی کو استعمال کرنے، میٹرو شروع کرنے اور محکمہ بجلی میں اصلاحات کرنے جیسے کئی اقدامات کی کانگریس حکومت نے قیادت کی۔‘‘اجے ماکن نے کہا کہ دہلی میں سی این جی کا نفاذ ضروری ہے۔ نئے افسر نے صورتحال کی سنگینی کو سمجھا۔ ہم مختلف لابیوں کے خلاف متحد ہو گئے۔ سپریم کورٹ اور یہاں تک کہ امریکی حکومت کی طرف سے بھی تعریف ہوئی۔ انہوں نے فخر سے کہاکہ پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کو مکمل طور پر سی این جی میں تبدیل کرنے والا دہلی دنیا کا پہلا شہر بن گیا۔اجے ماکن نے مزید کہا کہ شیلا دکشت جی کی حکومت کے پہلے 6 سال سب سے زیادہ نتیجہ خیز تھے۔ انہوں نے اقتدار کے لیے نہیں بلکہ دہلی کی بہتری کے لیے جدوجہد کی۔ بجلی کی نجکاری، سی این جی کی تبدیلی، میٹرو لانچ، فلائی اوورز کی تعمیر، اسپتال، اسکول یہ سب دہلی کیلئے ان کی انتھک جدوجہد کا نتیجہ ہیں۔ مجھے امید ہے کہ موجودہ وزیر اعلیٰ بھی اس سفر کا نوٹس لیں گے اور اس سے سبق حاصل کریں گے۔اجے ماکن نے کہا کہ افسران کے ساتھ احترام سے پیش آئیں، بات چیت کریں اور انہیں دہلی کی ترقی کے لیے قائل کریں۔