صدر بی جے پی نڈا نے پارٹی کی نئی ٹیم کا اعلان کیا

   

تیجسوی سوریہ یووا مورچہ کے صدر ،رام مادھو شامل نہیں
نئی دہلی : بی جے پی رکن پارلیمنٹ تیجسوی سوریہ کو پارٹی کے یووا مورچہ کا نیا صدر بنایا گیا ہے۔ وہ پونم مہاجن کی جگہ لیں گے۔ بی جے پی نے جنرل سکریٹری کے طور پر رام مادھو ، پی مرلی دھر راو ، انل جین اور سروج پانڈے کی جگہ نئے چہروں کو موقع دیا ہے۔بی جے پی صدر جے پی نڈا نے اپنی نئی ٹیم کا اعلان کیا ہے۔ اس سے پہلے اپریل میں نئی ٹیم کا اعلان کیا جانا تھا ، لیکن کورونا وائرس کی وباء اور پھر لاک ڈاؤن کی وجہ سے صدر بی جے پی جے پی نڈا کو اپنی ٹیم کا اعلان ملتوی کرنا پڑگیا تھا۔سینئر لیڈروں کیساتھ گفتگو کے بعد نڈا نے ایک فہرست کچھ مہینے پہلے ہی تیار کرلی تھی ، لیکن کورونا وبا کی وجہ سے پارٹی اعلی قیادت نہ تو نیشنل ایگزیکٹیو کونسل کی میٹنگ طلب کرکے نئی ٹیم کو ہری جھنڈی دکھا سکتی تھی اور نہ ہی عہدیداروں کی میٹنگ بلا سکتی تھی ، اس لئے نئی ٹیم کا اعلان ملتوی کردیا گیا تھا۔بہار اسمبلی انتخابات اور ملک کے موجودہ سیاسی حالات میں بی جے پی نے پارٹی میں نئے چہروں کو ذمہ داریاں سونپتے ہوئے عوام کا اعتماد حاصل کرنے کی کوشش کی ہے۔