حیدرآباد تا وجئے واڑہ توسیعی منصوبہ کا جائزہ، ریجنل رنگ روڈ کیلئے عنقریب ٹنڈرس کو قطعیت
حیدرآباد۔ 10 مئی (سیاست نیوز) وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے نیشنل ہائی ویز اتھاریٹی آف انڈیا کے صدر نشین سنتوش کمار یادو سے ملاقات کی اور تلنگانہ کے مختلف ہائی وے پراجکٹس کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ ریجنل رنگ روڈ، حیدرآباد تا وجئے واڑہ قومی شاہراہ 65 کی توسیع اور دیگر پراجکٹس پر صدر نشین ہائی ویز اتھاریٹی سے مشاورت کی گئی۔ انہوں نے حیدرآباد سے وجئے واڑہ کی سڑک کو 8 لائنوں پر مشتمل توسیع دینے کی خواہش کی اور کہا کہ اس سڑک پر حادثات کے نتیجہ میں بڑی تعداد میں اموات واقع ہو رہی ہیں۔ ایل بی نگر تا حیات نگر 7.1 کیلو میٹر طویل ڈبل ڈیکر الیویٹیڈ کاریڈور کی تعمیر کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے۔ مرکزی وزارت شہری ترقی کو پراجکٹ کی تفصیلی رپورٹ روانہ کی گئی ہے۔ نیشنل ہائی ویز اتھاریٹی کے صدر نشین سنتوش کمار یادو نے بتایا کہ حیدرآباد تا وجئے واڑہ ریجنل رنگ روڈ کی تعمیر کے لئے ٹنڈرس کی عنقریب تکمیل کرتے ہوئے کاموں کا آغاز کیا جائے گا۔ ریاست میں ہائی وے اتھاریٹی آف انڈیا کے تحت جاری مختلف پراجکٹس کی پیشرفت کا ریاستی وزیر کے ساتھ جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی ترقی میں نیشنل ہائی ویز اتھاریٹی کو اہم رول ادا کرنا چاہئے۔ ہائی ویز اتھاریٹی کی موثر حصہ داری کے ذریعہ ہی پراجکٹس کی تکمیل ممکن ہے۔ اس موقع پر اسپیشل چیف سکریٹری آر اینڈ بی وکاس راج، اسپیشل سکریٹری پرونیہ، نیشنل ہائی ویز اتھاریٹی کے ریجنل آفیسر شیوشنکر اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ 1؍F