صدر ٹرمپ کی کورونا ریلیف اور حکومتی اخراجات بل پر دستخط

   


واشنگٹن : حکومتی شٹ ڈاؤن کے منڈلاتے خطرے کے پیشِ نظر امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کانگریس کی جانب سے منظور کردہ 2300 ارب ڈالر کے کورونا ریلیف اور حکومتی اخراجات بل پر دستخط کر دیے ہیں۔حال ہی میں کانگریس کی جانب سے منظور کیے گئے اس بل کو صدر ٹرمپ نے ‘تضحیک’ قرار دیتے ہوئے اس میں بعض ترامیم کی تجویز دی تھی۔ ڈیمو کریٹک اور ری پبلکن رہنماؤں نے کئی ماہ سے جاری مذاکرات کے بعد اس بل پر اتفاق کیا تھا۔2300 ارب ڈالر کے اس حکومتی بل میں 900 ارب ڈالر کا کورونا وائرس ریلیف پیکیج بھی شامل ہے۔بل پر صدر ٹرمپ کے دستخط کا امکان اس وقت روشن ہوا جب صدر نے اتوار کی شب ایک ٹوئٹ میں کہا “کورونا ریلیف بل کے سلسلے میں خوشخبری، مزید معلومات کچھ دیر بعد۔”اگر صدر ٹرمپ بل پر دستخط نہ کرتے تو پیر کی شب سے جزوی حکومتی شٹ ڈاؤن ہو جاتا۔
صدر ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے کے آغاز سے ہی اس بل پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اس میں بعض ترامیم کرنے پر زور دیا تھا جب کہ ہفتے کو صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر اپنے اعتراضات کو دوہرایا تھا۔صدر ٹرمپ نے ہفتے کی صبح ٹوئٹ کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ وہ صرف یہ چاہتے ہیں کہ امریکہ کے عظیم لوگوں کو فی کس دو ہزار ڈالر ملیں نہ کو محض 600 ڈالر جو کہ اس وقت بل میں تجویز کیے گئے ہیں۔