خریف سیزن کے لئے درکار کھاد کا ذخیرہ موجود ۔ کلکٹر نظام آباد
نظام آباد۔9 جون ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع کلکٹر نظام آباد ایلا ترپاٹھی نے کہا ہے کہ ضلع بھر کی تمام کوآپریٹو سوسائٹیوں کے گوداموں اور فروختی مراکز پر یوریا کی مناسب مقدار میں دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے منصوبہ بند انداز میں نگرانی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کسانوں کو یقین دلایا کہ موجودہ خریف سیزن کے لئے درکار کھادوں کا مکمل ذخیرہ ضلع میں دستیاب ہے اور کسی بھی قسم کی تشویش کی ضرورت نہیں ہے۔ضلع کلکٹر ایلا ترپاٹھی نے ایڈپلی منڈل کے جانکم پیٹ اور ایڈپلی میں واقع کھاد کے گوداموں اور فروختی مراکز کا معائنہ کیا۔ انہوں نے یوریا اور دیگر کھادوں کے ذخائر، اسٹاک رجسٹروں اور تقسیم کے ریکارڈ کا جائزہ لیتے ہوئے عہدیداروں سے موصولہ اور تقسیم شدہ کھادوں کی تفصیلات معلوم کیں۔ اس موقع پر کلکٹر نے یوریا بکنگ ایپ کے کام کاج کا بھی جائزہ لیا اور کسانوں کو اس کے فوائد سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں نافذ یہ نظام شفاف اور منظم انداز میں کھادوں کی تقسیم کو یقینی بناتا ہے اور دیگر ریاستیں بھی اس ماڈل کو اختیار کر رہی ہیں۔ایلا ترپاٹھی نے کسانوں کو نینو یوریا کے فوائد سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے مشورہ دیا کہ وہ محدود پیمانے پر اس کا استعمال کرکے نتائج کا خود مشاہدہ کریں۔ بودھن اور بانسواڑہ اسمبلی حلقوں میں تقسیم کا عمل پہلے ہی شروع ہو چکا ہے جبکہ نظام آباد، آرمور اور بالکنڈہ حلقوں میں بھی مناسب ذخائر فراہم کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کسانوں پر زور دیا کہ کھادوں اور زرعی ادویات کا ضرورت سے زیادہ استعمال نہ کریں اور زرعی ماہرین و سائنسدانوں کی ہدایات پر عمل کریں۔معائنہ کے دوران ضلع ایگریکلچر افیسر ویراسوامی، ضلع کوآپریٹو عہدیدار سرینواس، تحصیلدار دتاتری، سرپنچ انورادھا، سوسائٹی چیئرمین نریندر اور دیگر متعلقہ عہدیداران موجود تھے۔