ضلع ونپرتی میں چھت گرنے سے 5 افراد ہلاک

   

برسی تقریب کی رات حالت نیند میں حادثہ، دسہرہ کی خوشیاں ماتم میں تبدیل

حیدرآباد۔ ونپرتی ضلع کے گوپال پیٹ منڈل میں مکان کی چھت منہدم ہونے سے ایک خاندان کے 5 افراد ہلاک ہوگئے۔ یہ خاندان موضع گڈارم میں ایک بزرگ کی برسی منارہا تھا کہ یہ واقعہ سانحہ پیش آیا۔ مکان کی چھت گرنے سے ایک خاندان کی پانچ خواتین برسر موقع ہلاک ہوگئیں۔ اتوار کی ابتدائی ساعتوں میں یہ واقعہ پیش آیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک خاندان کے چار فرزندان اور ان کی بیویاں اور ان کے بچے نرسمہا نامی شخص کی پہلی برسی میں شرکت کررہے تھے۔ خواتین کمرہ میں سورہی تھیں کہ آدھی رات کے بعد اچانک چھت منہدم ہوگئی۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ مکان گذشتہ ایک عرصہ سے استعمال میں نہیں تھا۔ مہلوکین کی 68 سالہ مانیماں، 30 سالہ سپریا، 21 سالہ ویشنوی، 18 سالہ رنکی اور 38 سالہ اومادیوی کی حیثیت سے شناخت کی گئی۔ واقعہ میں دیگر افراد کو معمولی زخم آئے ہیں۔ دسہرہ کے موقع پر اس سانحہ سے سارے گاؤں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ انچارج سپرنٹنڈنٹ پولیس سائی شیکھر اور دیگر عہدیداروں نے مقام حادثہ کا دورہ کیا۔ وزیر زراعت ایس نرنجن ریڈی جو ونپرتی کے دورہ پر ہیں اس واقعہ پر دکھ کا اظہار کیا۔ حکومت کی جانب سے امداد کی فراہمی کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔