ضلع کرنول میں عصمت ریزی کا گھناؤنا واقعہ

   

متاثرہ کمسن لڑکی کے والد کی پولیس سے شکایت اور سخت کارروائی کا مطالبہ

حیدرآباد۔/19 فبروری، ( سیاست نیوز) ضلع ناگرکرنول، تما جی پیٹ منڈل کے موضع بدھا سمدرم میں ایک کم عمر 15 سالہ لڑکی کی عصمت ریزی کا واقعہ پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ بدھا سمدرم موضع میں اسی گاؤں سے تعلق رکھنے والے انیل نامی ایک نوجوان نے 15 سالہ کم عمر لڑکی کو مکان میں تنہا پاکر موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے گھر میں گھس گیا اور لڑکی کے ساتھ زبردستی کرتے ہوئے عصمت ریزی کی اور پھر لڑکی کو اس واقعہ کی کسی کو اطلاع دینے کی صورت میں جان سے ماردینے کی دھمکی دیتے ہوئے سخت انتباہ دیا جس سے خوف زدہ لڑکی جو اس کے ساتھ پیش آئے عصمت ریزی واقعہ سے بہت ہی پریشان ہوگئی تھی اور مکان میں خاموش رہنے اور کسی سے بات چیت نہ کرتے ہوئے ڈر و خوف میں مبتلاء ہوگئی تھی۔ لڑکی کی اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے تقریباً دس دن بعد ماں باپ نے لڑکی سے اس کی خاموشی وغیرہ کی وجوہات دریافت کی جس پر لڑکی نے تمام تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے بتایا کہ دس دن قبل جبکہ مکان میں و ہ تنہا تھی انیل نامی نوجوان گھر میں اچانک داخل ہو ااور زبردستی کرتے ہوئے عصمت ریزی کی اور اس کی اطلاع کسی کو بھی دینے پر سنگین نتائج کی دھمکی دیتے ہوئے جان سے ماردینے کا انتباہ دیا جس کے باعث وہ پیش آئے واقعہ کا اظہار نہیں کرسکی۔ لڑکی کے ساتھ پیش آئے واقعہ کی تفصیلات سے واقفیت حاصل ہونے کے فوری بعد لڑکی کے والد نے تماجی پیٹ پولیس اسٹیشن پہنچ کر شکایت درج کرواتے ہوئے ملزم انیل کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا۔