ظہیرآباد مجلس بلدیہ معاون ارکان کا انتخابی عمل درہم برہم

   

کورم کی کمی سے دو مرتبہ انتخابات ملتوی ، کانگریس پارٹی میں رسہ کشی عیاں
ظہیرآباد ۔23 مئی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ظہیرآباد مجلس بلدیہ ارکان معاونین کا انتخابی عمل درہم برہم ہوگیا جب ارکان معاونین کے انتخابی عمل کے دوران میونسپل منتخب کونسلرس انتخابی عمل میں غیر حاضر رہے ، اس طرح انتخابی عمل پھر ایک مرتبہ تعطل کا شکار ہوگیا ۔ ارکان معاونین کے انتخاب ملتوی کرنے پر بی آر ایس پارٹی کونسلر نے برسر اقتدار کانگریس پارٹی سے وابستہ کونسلرس کی عدم موجودگی پر اپنی برہمی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معاونین بلدیہ انتخابات میں کانگریس پارٹی کے پاس کورم کی کمی اور شکست کے خوف سے کانگریس ارکان بلدیہ انتخابی عمل کو بار بار ملتوی کررہے ہیں۔ کانگریس پارٹی میں کو آپشن اراکین کے انتخاب میں زبردست رسہ کشی چل رہی ہے ۔ دعویداروں میں اضافہ سے کانگریس پارٹی میں معاونین ارکان کے انتخاب کے لئے پارٹی ہائی کمان کو سخت دشواریاں ہورہی ہے ۔ سابق نائب صدرنشین بلدیہ محمد خواجہ میاں ، کانگریس قائد محمد اطہر غوری ، صدر ٹاون کانگریس کے نرسملو ، محمد معیز ، سابق معاون رکن بلدیہ موتی رام کے نام زیر گشت ہے ۔ بی جے پی اراکین بلدیہ نے کہا کہ کانگریس ارکان بلدیہ شکست کے خوف کی وجہ سے اراکان معاونین کے انتخاب میں غیر حاضر ہورہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بی آریس پارٹی کے پاس کورم موجود ہے ، انتخابی دن کا اعلان کرنے کے باوجود ارکان بلدیہ عہدیداروں کو روک کر الیکشن میں رکاوٹ ڈالنا جمہوریت کے خلاف ہے۔ عوام اور اپوزیشن قائدین عہدیداروں کے رویہ سے سخت ناراض ہے۔