ظہیرآباد میں گریدھر ریڈی کرکٹ ٹورنمنٹ کا افتتاح

   


فائنل میچ میں اچم پیٹ ٹیم فاتح، نظام آباد کو شکست ، کانگریس قائدین کے ہاتھوں انعامات کی تقسیم

ظہیرآباد ۔ کانگریس پارٹی ظہیرآباد کی جانب سے باگاریڈی اسٹیڈیم میں 14 فروری سے شروع ہوئے این گریدھر ریڈی ناک آوٹ کرکٹ گولڈ کپ ٹورنمنٹ کا 21 فروری کو کامیاب اختتام عمل میں آیا ۔ جس میں جموں کشمیر ، مہاراشٹرا ، کرناٹک اور ریاست تلنگانہ کے بشمول 16 ٹیموں نے حصہ لیا ۔ فائنل میچ میں اچم پیٹ سی سی ٹیم اور نظام آباد سی سی ٹیم کے درمیان مقابلہ سخت رہا ۔ اچم پیٹ سی سی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں 188 رن بنائے جب کہ نظام آباد سی سی ٹیم نے مقررہ اوور میں صرف 172 رن بناکر ڈھیر ہوگئی ۔ اس طرح 16 رنوں کی برتری سے اچم پیٹ سی سی ٹیم فاتح قرار پائی ۔ کانگریس کے سرکردہ قائدین کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ایم پی ، ڈاکٹر جے گیتا ریڈی سابق وزیر شیواسن ریڈی صدر یوتھ کانگریس اور این ایس یو آئی کے ریاستی صدر کے ہاتھوں فائنل میچ کے انعامات کی تقسیم عمل میں لائی گئی ۔ ونر ٹیم کو ٹرافی کے علاوہ 2 لاکھ 51 ہزار روپئے جبکہ رنر ٹیم کو ٹرافی کے علاوہ ایک لاکھ 21 ہزار روپئے نقد عطا کئے گئے ۔ مین آف دی سیریز کیلئے نظام آباد سی سی ٹیم کے یاسر کو ہیرو بائیک دی گئی ۔ اس موقع پر کانگریس کے مقامی قائدین نرسمہا ریڈی ، کے نرسملو ، محمد جعفر ، نا شٹی ، محمد خواجہ میاں ، محمد معزالدین ، محمد جمیل الدین ، محمد اکبر شوکت علی اور دوسرے موجود تھے ۔ جبکہ شائقین کی کثیر تعداد سے اسٹیڈیم کچاکچ بھرا ہوا تھا ۔