عادل آباد میں خون کے عطیہ کیمپ کا انعقاد

   

عادل آباد۔ 16 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) عادل آباد محلہ عثمانیہ کالونی کے ہیلپ فاؤنڈیشن کے صدر شیخ عرفان کی صدارت میں ہیلپ فاؤنڈیشن کی تکمیل پر اور یوم آزادی کے موقع پر آج مسجد عثمانیہ کے روبرو بلڈ ڈونیشن (خون کا عطیہ ) کیمپ کا انعقاد عمل میں لایا گیا جس کا افتتاح نائب صدرنشین بلدیہ شیخ روہت نے کیا۔ جبکہ اس موقع پر مسجد عثمانیہ امام و خطیب مولانا اسلام الدین، موذن شیخ اقبال ، شیخ ریاض فاؤنڈیشن سیکریٹری سمیر اور شیخ سلیم کے علاوہ دیگر موجود تھے۔ افتتاحی کلمات فاؤنڈیشن کے صدر شیخ عرفان نے کیا اور خون کا عطیہ دینے والے نوجوانوں سے اظہار تشکر کیا جبکہ مولانا اسلام الدین نے اپنے خطاب میں کہا کہ خون کا عطیہ دینا بڑی قربانی ہے۔ اس خون کے عطیہ سے کسی شخص کی جان بچائی جاسکتی ہے۔ آج کل حادثات کثرت سے ہورہے ہیں۔ حادثہ میں زخمی افراد کو خون کی سخت ضرورت ہوتی ہے، ایسی صورت میں اس خون سے ان کی جان بچائی جاسکتی ہے۔