عادل آباد میں سینکڑوں افراد کے روزگار سے مربوط سمنٹ فیاکٹری نظر انداز

   

تلنگانہ سے وزیر اعظم کا سوتیلا سلوک ، رکن اسمبلی جوگو رامنا کا ا لزام ، احتجاجی دھرنا سے خطاب
عادل آباد ۔ مستقر عادل آباد میں تقریباً 25 سال سے بند پڑی ہوئی سمنٹ فیاکٹری کی کشادگی کا مرکزی حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے قومی شاہراہ نمبر 44 پر عادل آباد رکن اسمبلی مسٹر جوگو رامنا کی قیادت میں زبردست احتجاجی دھرنا منظم کیا گیا ۔ واضح رہے کہ ٹی آر ایس پارٹی ضلع صدر مسٹر جوگو رامیا کی سرپرستی میں سمنٹ فیاکٹری احیاء کی خاطر ’’ سادھنا کمیٹی ‘‘ کا قیام عمل میں لایا گیا جو ہر روز نت نئے طرز پر احتجاجی مظاہرہ کرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔ سادھنا کمیٹی کے زیر اہتمام منعقدہ آج کے اس ’’ دھرنا‘‘ میں مختلف مواضعات سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد کے علاوہ مستقر عادل آباد سے بھی کثیر مرد و خواتین نے شرکت کی ۔ بڑے پیمانے پر منعقدہ اس احتجاجی دھرنا کے بناء پر قومی شاہراہ 44 سے حسب معمول گذرنے والی لاریوں کی آمد و رفت متاثر ہوکر رہ گئی جس کے بناء پر پچاسوں لاریوں کی طویل قطار شاہراہ پر دیکھی گئی ۔ اس موقع پر میڈیا سے مخاطب ہوکر مسٹر جوگو رامنا نے مرکزی حکومت اور وزیر اعظم مسٹر نریندر مودی پر الزام عائد کیا کہ ریاست تلنگانہ کے ساتھ سوتیلا رویہ اپنائے ہوئے ہیں جس کے پیش نظر ریاست میں کسی ایک تعمیراتی کام جہاں ایک طرف ٹھپ پڑے ہوئے ہیں وہیں دوسری طرف عادل آباد سمنٹ فیاکٹری کی کشادگی کو مسلسل نطر انداز کیا جارہا ہے ۔ جبکہ مودی حکومت اپنی حکومت قیام کے جب عادل آباد سمنٹ فیاکٹری کو احیاء کرنے کا بھرپور تیقن دیا تھا ۔ عادل آباد سمنٹ فیاکٹری کشادگی کے بناء پر ضلع عادل آباد کے سینکڑوں افراد کو روزگار فراہم ہوسکتا ہے۔ ضلع عادل آباد کی پسماندگی کا لحاظ رکھتے ہوئے بے روزگار نوجوانوں کو روزگار سے مربوط کرنے کی غرض مرحوم رکن اسمبلی مسٹر مسعود احمد خورشید نے کافی جدوجہد کرتے ہوئے فیاکٹری کا قیام عمل میں لایا تھا ۔ سمنٹ فیاکٹری کی فاضل آراضی میں کم از کم ایک صدی کا ذخیرہ سمنٹ ویکٹری کو چلانے کیلئے موجود ہے ۔ مسٹر جوگو رامنا نے بی جے پی حکومت کی کارکردگی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت صرف سرمایہ کاروں کا خیال رکھے ہوئے ہے ۔ جبکہ مودی کی نظر میں غریب افراد کی کوئی اہمیت نہیں ۔ اس احتجاجی تحریک میں سابق رکن لوک سبھا مسٹر جی ناگیش ، یونس اکبانی ، صدرنشین بلدیہ مسٹر جوگو پرمیندر ، نائب صدر مسٹر ظہیر رمضانی ، سید ساجد الدین، ٹاون کمیٹی جنرل سکریٹری محمد اشرف علی بلدیہ کونسلرز کی کثیر تعداد موجود تھی ۔