میدک میں تہنیتی تقریب سے رکن اسمبلی روہت راؤ کا خطاب اور دعاؤں کی درخواست
میدک ۔2 مئی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )میدک ٹاؤن میناریٹی کانگریس کی جانب سے ٹاؤن کے مسلم شادی خانے میں امسال حج کیلئے جانے والے ضلع میدک کے عازمین حج کے اعزاز میں یکم مئی کو بعد نماز جمعہ ایک تہنیتی تقریب کا انعقاد عمل میں آیا ۔ اس بابرکت مجلس تہنیت برائے عازمین حج میں مقامی رکن اسمبلی ڈاکٹر مائنم پلی روہت راؤ ، خطیب و پیش امام قاضی میدک الحاج سید خواجہ معزالدین نے بحیثیت مہمانِ خصوصی شرکت کی ۔ پروگرام کا آغاز حافظ محمد فصیح الدین صدر کمیٹی انتظامی مسجد رشیدیہ کی قرأت کلام پاک سے ہوا ۔ اس طرح حافظ فصیح الدین نے نظامت کے فرائض انجام دیئے ۔ رکن اسمبلی میدک مائنم پلی روہت راؤ نے کہا کہ حج کیلئے جانے والے اﷲ کے وہ خوش نصیب بندے ہیں جن کی دعائیں رد نہیں ہوتیں۔ انھوں نے تمام عازمین حج کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے سبھی کی صحت ، عافیت اور ریاست کی ترقی کیلئے دعائیں کرنے کی گذارش کی ۔ الحاج سید خواجہ معزالدین نے کہا کہ حج اسلام کا پانچواں اور اہم ترین رکن ہے جو ہر صاحب استطاعت مسلمان پر فرض ہے ۔ حج مقبول ادا کرنے والوں کے پچھلے تمام گناہ معاف کردیئے جاتے ہیں ۔ وہ بندہ ایسا پاک ہوجاتا ہے جیسے آج ہی ماں کے پیٹ سے پیدا ہوا ہو ۔ بعد ازاں رکن اسمبلی کے ہاتھوں ضلع کے عازمین حج زبیر مہتاب ، محمد فیصل ، فیروز علی ، سراج ، محمد غوث ، ضمیر احمد ، ایوب خان ، محمد اویس ، عبدالستار ( جرنلسٹ ) ، ڈاکٹر سید جعفر محی الدین کی گلپوشی و شال پوشی فرمائی ۔ رکن اسمبلی کے ہمراہ نمائندہ چیرپرسن بلدیہ میدک مسٹر کے بھوپت راج ، وائس چیرمین بلدیہ ڈی نریش موجود تھے ۔ علاوہ ازیں بلدی کونسلرس محمد سمیع الدین ، منصور عامر ، غوث قریشی ، سید عمر محی الدین رکن معاون بلدیہ ، سید طاہر علی المعروف بمبئی طاہر ، ایم گنگادھر ، مسرز احمد علی بیگ ، محسن بن عبداﷲ ، شیخ فضل احمد ایڈوکیٹ و سابق پبلک پراسکیوٹر ضلع عدالت میدک ، محمد مزمل ، محمد مجیب ، امیرالدین کے علاوہ دیگر موجود تھے ۔ اسی طرح مسجد اعظم پورہ میدک پر بھی بعد نماز عشاء انتظامی کمیٹی کی جانب سے صدر کمیٹی سید منیرالدین کی صدارت میں عازمین حج کی رومال پوشی عمل میں آئی ۔ اس تقریب کو پیش امام خطیب مسجد ہذا و ناظم مدرسہ مدینۃ العلوم الحاج محمد جاوید علی حسامی نے خطاب فرماتے ہوئے عازمین حج کو دل کی گہرائیوں کے ساتھ مبارکباد پیش کی ۔ اس موقع پر محمد فاضل ، ایم اے رزاق ، ڈاکٹر عمران عکاذ ، سید عامر محی الدین ، فرید احمد خان ندیم ، محمد لطیف ، سید تقی الدین ، برہان الدین کے علاوہ مصلیات مسجد کی بڑی تعداد شریک تھی ۔ اس موقع پر نومنتخب رکن معاون سید طاہر علی کو بھی تہنیت پیش کی گئی ۔