عالمی مرکز برائے انسداد انتہاپسندی کے سکریٹری جنرل کا دورہ عراق

   

بغداد : عالمی مرکز برائے انسداد انتہاپسندی (اعتدال) کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر منصور الشمری سرکاری دورے پر عراق پہنچے ہیں۔عرب نیوز کے مطابق عراق میں قومی سلامتی کے مشیر قاسم العراجی نے گذشتہ روز پیر کو عراق میں سعودی سفیرعبدالعزیز الشمری کی موجودگی میں سکریٹری جنرل اور ان کے ہمراہ آنے والے وفد کا استقبال کیا۔ڈاکٹر منصورعراق میں مشترکہ طور پر کی جانے والی ملاقاتوں کے علاوہ انتہا پسندی سے نمٹنے کے لیے مباحثوں میں شرکت کریں گے۔اس موقع پر قومی سلامتی کے مشیر قاسم العراجی نے عراق سعودی تعلقات میں کو ہر شعبے میں فروغ دینے اور انتہا پسندی سے نمٹنے کیلئے اعتدال کی کوششوں کو سراہا ہے۔ملاقات کے دوران سکریٹری جنرل نے کہا ہیکہ عراق کو دہشت گردی سے نمٹنے کے میدان میں بھرپور تجربہ ہے۔ اس تجربے کو انتہا پسند نظریات سے نمٹنے کیلئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اعتدال کے پاس موجود سہولیات اور قابلیت عراق کی خدمت کے لیے پیش ہیں اور انتہا پسند و دہشت گرد تنظیموں کے افکار اور نظریات کا سامنا کرنے کیلئے کی جانے والی کوششوں کی اعتدال کے پلیٹ فارم سے حمایت کی جاتی ہے۔