عالمی یوم سائیکل پر ریالی پروگرام کا کلکٹر کے ہاتھوں افتتاح

   

کاماریڈی۔ 7 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) عالمی یومِ سائیکل کے موقع پر اتوار کے روز کاماریڈی شہر میں ”بہتر مستقبل کے لیے سائیکلنگ” کے عنوان سے منعقدہ فٹ انڈیا موومنٹ سائیکلنگ پروگرام کا ضلع کلکٹر آشیش سانگوان نے جھنڈی دکھا کر افتتاح کیا۔ یہ پروگرام حکومت ہند کی وزارتِ امورِ نوجوانان و کھیل کے تعاون سے فٹ انڈیا مہم کے تحت منعقد کیا گیا، جس کا مقصد عوام میں صحت مند طرزِ زندگی، جسمانی فٹنس اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے سائیکلنگ کے استعمال کو فروغ دینا ہے۔اس موقع پر ضلع کلکٹر آشیش سانگوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سائیکلنگ نہ صرف انسانی صحت کے لیے انتہائی مفید ہے بلکہ ماحولیاتی آلودگی کے تدارک میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ اپنی روزمرہ زندگی میں سائیکلنگ کو ترجیح دیں تاکہ ایک صحت مند معاشرے کے قیام کے ساتھ ساتھ سرسبز اور صاف ستھرا ماحول بھی فروغ پائے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی یومِ سائیکل کے موقع پر ملک بھر میں اس نوعیت کے بیداری پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں تاکہ عوام میں صحت اور ماحولیات کے تئیں شعور پیدا کیا جا سکے۔سائیکلنگ ریالی میں نوجوانوں، طلبہ، کھلاڑیوں، سرکاری عہدیداروں اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹر این وی گیری، ڈسٹرکٹ یوتھ اینڈ اسپورٹس آفیسر وینکٹیشورلو، ڈی آر ڈی او دامودر ریڈی، مختلف محکموں کے عہدے دار، اسپورٹس ایسوسی ایشن کے اراکین اور نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود تھے۔