عثمانیہ ہاسپٹل کی تعمیر کیلئے ہائی کورٹ کے فیصلے کا انتظار

   

حیدرآباد۔/10 اپریل، ( سیاست نیوز) وزیر صحت دامودھر راج نرسمہا نے کہا کہ عثمانیہ ہاسپٹل کی تعمیر کا مسئلہ تلنگانہ ہائی کورٹ میں زیر التواء ہے۔ ہائی کورٹ کے احکامات کے بعد حکومت ہاسپٹل کی نئی اور عصری عمارت کی تعمیر کیلئے تیار ہے۔ عثمانیہ میڈیکل کالج میں ورلڈ ہیلت ڈے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دامودھر راج نرسمہا نے کہا کہ عثمانیہ جنرل ہاسپٹل کی نئی عمارت کی تعمیر کیلئے آئندہ بجٹ میں فنڈز مختص کئے جائیں گے۔ انہوں نے عثمانیہ میڈیکل کالج میں لیکچر ہالس کی تزئین نو اور دیگر سہولتوں کی فراہمی کا وعدہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سینئر ڈاکٹرس کو ان کی سنیاریٹی کی بنیاد پر پروموشن دے گی تاکہ غریبوں کو علاج کیلئے بہتر سہولتیں فراہم کی جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری دواخانوں میں کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں کیا جائے گا تاکہ سرکاری دواخانوں پر عوام کا اعتماد بحال ہو۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سرکاری شعبہ میں علاج کی بہتر سہولتیں فراہم کرنے کے اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ عثمانیہ ہاسپٹل کی موجودہ عمارت کی زبوں حالی ایک دیرینہ مسئلہ ہے۔ 1
حکومت موجودہ ہاسپٹل کے انہدام اور نئے ہاسپٹل کی تعمیر کیلئے تیار ہے۔ اس سلسلہ میں ہائی کورٹ کے احکامات کی پابندی کی جائے گی۔1