عراق میں دراندازی کرنے والے آئی ایس کے 24 دہشت گرد حراست میں

   

بغداد 21 فروری (سیاست ڈاٹ کام) عراق کی فوج نے دولت اسلامیہ (آئی ایس) کے 24 دہشت گردوں کو حراست میں لینے کا دعوی کیا ہے ۔عراقی فوج کے چیف آف اسٹاف عثمان الغنیمی نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ پڑوسی ملک شام سے دراندازی کرکے عراق کے شمالی نینوہ صوبے میں داخل ہوئے آئی ایس کے 24 دہشت گردوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے ۔ حراست میں لئے گئے دہشت گردوں میں سے چار آئی ایس کے گروپ کمانڈر ہیں۔مسٹر الغنیمي نے یہ اطلاع شمالی عراق کی سیکورٹی کی ذمہ داری سنبھالنے والی نینوی آپریشن کمان کے دورے کے وقت دی۔ انہوں نے موصل شہر اور صوبے کے دیگر علاقوں میں سیکورٹی کے نظام کو برقرار رکھنے کے لئے احتیاطی حفاظتی اقدامات کرنے پر زور دیا ہے ۔اس سے پہلے عراقی وزیر اعظم عادل عبد المہدی نے منگل کو اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ پڑوسی ملک شام میں ہو رہی لڑائی پر عراق فکر مند ہے ۔قابل ذکر ہے کہ عراق میں سکیورٹی فورسز کی طرف سے آئی ایس دہشت گردوں کے خاتمے کے بعد سکیورٹی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے ۔عراق اور شام کے درمیان سرحد پر عراقی سیکورٹی فورس اور نیم فوجی الحشد الشعبی بریگیڈ تعینات ہیں۔سر حد نینوہ اور عنبر صوبے کے مغرب میں 600 کلو میٹر پھیلا ہو اہے ۔خیال رہے کہ 2003میں امریکہ کی قیادت والے حملہ کے بعد سے دونوں ممالک کے مابین لمبی سرحد کا استعمال باغی گروپوں اور آئی ایس کے دہشت گردوں کے ذریعہ لاجسٹک حمایت کے لئے اور عراق میں سرحد پر حملوں کو انجام دینے کے لئے کیا گیا ہے ۔