عرب امارات میں ہفتہ کو پہلے روزہ کا امکان

   

دبئی ۔22 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) متحدہ عرب امارات میں جمعرات کو رمضان کا چاند دیکھنے کی کوشش کی جائے گی۔ تمام ذیلی کمیٹیوں کو ہلال دیکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔اماراتی نیوز ایجنسی (وام) کے مطابق وزیر انصاف اور رویت ہلال کمیٹی کے ارکان کا جمعرات کو آن لائن اجلاس ہوگا۔ کمیٹی نے کہا ہے کہ تمام شہروں میں شرعی عدالتوں کی نگرانی میں کام کرنے والی ذیلی کمیٹیوں کو ہدایت دی ہے کہ ملک بھر میں چاند دیکھنے کی کوشش کریں۔کمیٹی نے کہا ہے کہ جمعرات کو منعقد ہونے والے آن لائن اجلاس میں ملک بھر سے موصول ہونے والی گواہیوں کا اندراج ہوگا۔دوسری طرف علوم فلکیات کے ماہرین نے کہا ہے کہ فلکی حساب سے جمعرات کو چاند دیکھنے کا امکان نہیں کیونکہ عرب ممالک کے افق پر ہلال کی پیدائش کا ظہور ممکن نہیں تاہم جدید آلات کی مدد سے شاید دیکھا جاسکے۔