عرب ممالک کی اسرائیلی وزیر کے فلسطین کیخلاف’نسل پرست‘ تبصروں کی مذمت

   

جدہ : عرب ممالک نے اسرائیلی وزیر خزانہ بیتزالیل سموتریتش کے اس ’نسل پرستانہ تبصرے‘ کی مذمت کی ہے جس میں انہوں نے فلسطینی گاؤں حوارا کو مسمار کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔عرب نیوز نے متحدہ عرب امارات کی سرکاری نیوز ایجنسی وام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ وزارت برائے خارجہ اور بین الاقوامی تعاون نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے ان تمام طریقوں کو مسترد کرتا ہے جو اخلاقی، انسانی اقدار اور اصولوں سے متصادم ہوں۔ اسرائیلی وزیر خزانہ نے صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ پرتشدد واقعات کے بعد گاؤں کو مسمار کرنا پڑا۔بعد میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے بیانات کو سیاق و سباق سے ہٹ کر لیا گیا ہے۔ بیتزالیل سموتریتش نے اس کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا خیال ہے کہ گاؤں مخاصمانہ‘ ہو گیا ہے اور دہشت گردوں کی پناہ گاہ میں تبدیل ہو رہا ہے۔امارات کی وزارت خارجہ نے نفرت انگیز تقاریر اور تشدد کا مقابلہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ خطے میں عدم استحکام کو کم کرنے کی کوشش میں ’رواداری اور انسانی بقائے باہمی کی اقدار‘ کو مضبوط کرنا ضروری ہے۔دوسری جانب اردن کی وزارت خارجہ نے اسرائیلی وزیر خزانہ بیتزالیل سموتریتش کے ’اشتعال انگیز‘ تبصروں کی مذمت کی ہے۔