عرس شریف حضرت خواجہ بندہ نواز ؒکیلئے وسیع تر پولیس انتظامات

   

گلبرگہ ۔30اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حضرت خواجہ بندہ نوازؒ درگاہ کے 622ویں عرسِ شریف کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، جبکہ انتظامیہ نے 3، 4 اور 5 مئی کو منعقد ہونے والے اس سالانہ مذہبی اجتماع کے پیشِ نظر سکیورٹی اور انتظامی اقدامات کو مزید سخت کر دیا ہے۔درگاہ شریف کے اجلاس ہال میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس ڈاکٹر حافظ سید محمد علی الحسینی سجادہ نشین درگاہ بندہ نواز ؒ کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں سینئیر پولیس حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں ہزاروں زائرین کے لیے محفوظ، منظم اور روحانی طور پر بہتر ماحول فراہم کرنے کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔حکام کے مطابق، صندل کا جلوس محبوب گلشن پبلک گارڈن سے شروع ہو کر جگت سرکل، سپر مارکیٹ، چوک، کلاتھ بازار، مارکیٹ مسجد، سنار بازار، گنیش مندر، صندل گلی، نیشنل چوک ،ڈنکا، للی روز اسکول، اور مسجد چوک سے گزرے گا۔ جلوس کے پورے راستے پر پولیس کی بھاری تعداد تعینات کی جائے گی تاکہ امن و امان برقرار رکھا جا سکے۔عرس شریف کے دوران عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پولیس چوکسی میں اضافہ کیا جائے گا تاکہ چوری، جیب تراشی اور موبائل چھیننے جیسے واقعات کو روکا جا سکے۔ درگاہ شریف کنٹرول روم سے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ چوبیس گھنٹے نگرانی کی جائے گی۔فوری امداد اور ردِ عمل کو یقینی بنانے کے لیے احاطے میں عارضی پولیس چوکی بھی قائم کی جائے گی۔حکام نے اس بات پر زور دیا ہے کہ پولیس، درگاہ سکیورٹی عملہ اور رضاکاروں کے درمیان قریبی ہم آہنگی عرس کے کامیاب انعقاد کے لیے نہایت ضروری ہے۔ مذکورہ بالااجلاس میں پولیس کمشنر ڈاکٹر شرنپا ایس ڈی آئی پی ایس، ڈی سی پی پروین نائک، اے سی پی شیون گؤڈا پاٹل ،کلبورگی نارتھ)، اے سی پی ٹریفک ڈی ٹی پربھو، سرکل انسپکٹر شکیل انگڈی ٹریفک پولیس اسٹیشن 1)، سرکل انسپکٹر دلیپ ساگر (روزہ پولیس اسٹیشن)، اے ایس آئی سکندر خان، جناب ڈاکٹر سید مصطفی الحسینی صاحب، سید یداللہ حسینی، جناب سید شاہ تقی اللہ حسینی صاحب، سید علی ذکی حسینی صاحب، سید باقر حسینی، سید مرتضیٰ حسینی صاحب، سید عقیب حسینی صاحب، عبدالباسط سیکریٹری، درگاہ، سید واجداسسٹنٹ سیکریٹری، درگاہ اور دیگر درگاہ عرس کمیٹی کے اراکین شریک تھے۔